QR CodeQR Code

ٹارگٹ کلنگ کا حل، کراچی میں مارشل لاء لگا دیا جائے، پرویز مشرف

2 Dec 2012 15:27

اسلام ٹائمز: نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے آل پاکستان مسلم لیگ کے قائد نے کہا کہ فوج کے جنرل ایکٹ کے تحت رینجرز آرمی کے ماتحت ہے اس لئے آپریشن میں فوج سامنے نہ آئے بلکہ رینجرز شہر کو اسلحہ سے پاک کرے، فوج کو سپریم کورٹ اور حکومت کی مکمل حمایت ہونی چاہیے۔


اسلام ٹائمز۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے قائد و سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ کراچی کو اسلحہ سے پاک کرنے کا مسئلہ مارشل لاء کے نفاذ کے ساتھ حل کیا جا سکتا ہے۔ اس سلسلہ میں سپریم کورٹ اور حکومت، فوج کی بھرپور حمایت کرے۔ نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے پرویز مشرف نے تجویز پیش کی کہ کراچی میں فوج کے ایک لیفٹیننٹ جنرل کو مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر کے طور پر لگایا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ فوج کے جنرل ایکٹ کے تحت رینجرز آرمی کے ماتحت ہے اس لئے آپریشن میں فوج سامنے نہ آئے بلکہ رینجرز شہر کو اسلحہ سے پاک کرے۔ پرویز مشرف نے کہا کہ فوج کو سپریم کورٹ اور حکومت کی مکمل حمایت ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کراچی کو اسلحے سے پاک کرنے کیلئے بلا تفریق کارروائی لازمی ہے مشکل کام کیلئے سیاسی جماعتیں مکمل غیر جانبدار ہوجائیں۔

انہوں نے کہا کہ روشنیوں کے شہر کو ایک سازش کے تحت خون میں نہلایا جارہا ہے، موجودہ ملکی صورتحال پر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت میں کراچی ریڈھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور کراچی کا نقصان پورے ملک کا نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو شہر میرے دور میں رنگ و نور سے نہایا تھا وہ آج خون میں نہایا جا رہا ہے جو ایک لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو کراچی ان کے دور میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے اپنے عروج پر تھا اب نہ جانے کس کی نظر لگ گئی ہے کہ آج خون میں لت پت ہے۔ ان کے دور میں پاکستان ترقی کی منازل طے کر رہا تھا لیکن موجودہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی بدولت ملک آج تنزلی کی طرف جارہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 217158

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/217158/ٹارگٹ-کلنگ-کا-حل-کراچی-میں-مارشل-لاء-لگا-دیا-جائے-پرویز-مشرف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org