0
Wednesday 10 Mar 2010 13:10

آئی ایس آئی کے سربراہ جنرل شجاع پاشا کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع

آئی ایس آئی کے سربراہ جنرل شجاع پاشا کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع
اسلام ٹائمز - جنگ نیوز کے مطابق آئی ایس آئی کے سربراہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے اور اب جنرل شجاع آئندہ سال 18 مارچ تک اپنے عہدے پر کام کرتے رہیں گے۔ انہوں نے جنرل پرویز کیانی کے آرمی چیف کا عہدہ سنبھالنے کے فوراً بعد یعنی اکتوبر 2008ء میں آئی ایس آئی کے سربراہ کا عہدہ سنبھالا تھا۔ جنرل پاشا آئی ایس آئی کے چوتھے سربراہ ہیں جنہیں رول آف کمپلسری رٹین منٹ کے تحت مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع دی گئی ہے۔ اس سے قبل پنجاب رجمنٹ کے لیفٹیننٹ جنرل مسعود عالم (موجودہ کور کمانڈر پشاور)، لیفٹیننٹ جنرل تنویر طاہر (ای ایم ای) انسپکٹر جنرل کمیونیکیشنز اینڈ آئی ٹی جنرل ہیڈ کوارٹرز اور آرمڈ کور کے لیفٹیننٹ جنرل سکندر افضل، جو اس وقت مونروویا (لائبیریا) میں اقوام متحدہ کے تحت خدمات انجام دے رہے ہیں، کو اسی رول کے تحت مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع دی گئی تھی۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا کا تعلق فرنٹیئر فورس رجمنٹ سے ہے اور وہ کئی اہم ترین عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہیں شاندار کامیابیوں کے اعتراف میں ہلال امتیاز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ انہیں اپنی ریٹائرمنٹ سے 9 دن قبل یہ توسیع دی گئی ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق جنرل کیانی نے کور کمانڈرز کانفرنس میں جنرل پاشا کی توسیع کے متعلق اشارہ دیا تھا اور اس کی وجوہات بھی بتائی تھیں۔ خیال کیا جا تا ہے کہ پاک فوج ایک ایسی جنگ میں مصروف ہے جس میں اس کے دشمن ملک کا بھی ہاتھ ہے۔ جن تین لیفٹیننٹ جنرلز کو ایک سال کی توسیع ملی ہے وہ اس جنگ میں اہم خدمات انجام دے رہے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل سکندر افضل لائبیریا میں بلو ہیلمٹ فورس کی قیادت کر رہے ہیں لہٰذا انہیں ملنے والی توسیع پروٹوکول کا حصہ تھی جبکہ لیفٹیننٹ جنرل تنویر طاہر آرمی چیف کی اس مہم کا حصہ ہیں جس کے تحت پاک فوج کو جدید ترین کمیونیکیشن ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جنرل پاشا کو ملنے والی توسیع اس لئے اہم ہے کہ وہ 2007ء سے پاک فوج کی جنگی کارروائیوں کا حصہ ہیں اور انہین ملک کے مفادات کے خلاف کام کرنے والے عناصر سے نمٹنے کے حوالے سے مہارت حاصل ہے۔ ایسے عناصر سے نمٹنا ان کی ذمہ داریوں کا حصہ ہے۔ عسکری ماہرین کے مطابق جنرل پاشا کی مدت ملازمت میں توسیع کی وجہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جاری جنگ کے متعلق موثر حکمت عملی مرتب اور منصوبہ بندی میں تسلسل برقرار رکھنا ہے۔
خبر کا کوڈ : 21719
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش