0
Sunday 2 Dec 2012 20:14

افغانستان، جلال آباد میں امریکی فوجی اڈے پر طالبان کا حملہ، 6 فوجیوں سمیت 12 افراد ہلاک

افغانستان، جلال آباد میں امریکی فوجی اڈے پر طالبان کا حملہ، 6 فوجیوں سمیت 12 افراد ہلاک
اسلام ٹائمز۔ افغانستان کے شہر جلال آباد میں امریکی فوجی اڈے پر طالبان کے حملے میں چھ افغان فوجیوں سمیت بارہ افراد مارے گئے۔ پورا علاقہ دھماکوں اور فائرنگ سے گونجتا رہا۔ افغان پولیس کے مطابق خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی جلال آباد ائیر پورٹ کے بیرونی دروازے سے ٹکرا دی۔ دوسرے حملہ آوروں نے سکیورٹی گارڈز پر حملہ کیا اور گرنیڈ اور مارٹر گولے برساتے فوجی اڈے میں گھس گئے۔ حملہ آوروں پر ہیلی کاپٹروں کے ذریعے فائرنگ بھی کی گئی۔ افغان انٹیلی جنس کے مطابق سات خودکش حملہ آوروں نے امریکی اڈے کو نشانہ بنایا۔ نیٹو نے جلال آباد بیس پر حملے کی تصدیق کی ہے، لیکن حملہ آوروں کے فوجی اڈے میں داخلے کی اطلاعات کو مسترد کر دیا ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق افغانستان کے صوبے جلال آباد میں واقع نیٹو کے فوجی ایئر فیلڈ پر چار خودکش حملوں کے نتیجے میں بارہ فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی نے مقامی پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ خودکش حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی فوجی ایئر فیلڈ کے داخلی دروازے سے ٹکرا دی۔ جس کے بعد مزید تین زوردار دھماکے ہوئے، جس کے نتیجے میں بارہ کے قریب افغان اور نیٹو فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ہلاک ہونے والے افغان سکیورٹی اہلکار ہیں یا فوجی یونیفارم میں ملبوس طالبان ہیں۔

افغان پولیس کے مطابق طالبان بعض کارروائیوں میں فوجی یونیفارم استعمال کرتے ہیں۔ دوسری جانب کابل میں نیٹو ترجمان میجر مارٹن کرائٹن نے امریکی ٹی وی کو بتایا کہ حملے میں ایک افغان سکیورٹی اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے، تاہم ہلاک شدگان میں ایساف کا کوئی فوجی شامل نہیں جبکہ چند زخمی ہیں۔ طالبان نے نیٹو ایئر فیلڈ پر خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔
خبر کا کوڈ : 217239
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش