0
Sunday 2 Dec 2012 21:04

محب وطن طبقات پاکستان بچانے کے لیے متحد ہو جائیں، صاحبزادہ فضل کریم

محب وطن طبقات پاکستان بچانے کے لیے متحد ہو جائیں، صاحبزادہ فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ مصری شاہ لاہور میں چوہدری محمد باسم کی طرف سے دیئے گئے عوامی استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل دہشت گردی اور بدامنی کے خلاف ملک گیر ’’تحریکِ امن و محبت‘‘ چلائے گی، انتخابی تیاری کے لیے رابطہ عوام مہم شروع کر دی ہے، مہم کے دوران ڈویژنل ورکرز کنونشنز منعقد کئے جائیں گے۔

صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ پاکستان عالمی سازشوں کی آماجگاہ بن چکا ہے، حکومت ملک کو اسلحہ سے پاک کرنے کے لیے ٹارگٹڈ آپریشن کرے، دہشت گردوں کو ریاستی گرفت میں نہ لایا گیا تو الیکشن میں بیلٹ کی بجائے بلٹ سے فیصلہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل کو ملک بھر کے علماء و مشائخ، دینی مدارس کے سربراہوں، تنظیماتِ اہلسنّت اور عوام اہلسنّت کی بھرپور تائید و حمایت حاصل ہے، ہم شرپسند اور مفاد پرست عناصر کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی شدید خطرات سے دوچار ہے، محب وطن طبقات پاکستان بچانے کے لیے متحد ہو جائیں، امریکہ، بھارت اور اسرائیل کے ایجنٹ پاکستان دشمنی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں لیکن ایمان کی حرارت والے عاشقانِ رسول استحکامِ پاکستان پر آچ نہیں آنے دیں گے۔ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے سیکرٹری جنرل حاجی محمد حنیف طیب نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل پر شب خون مارنے کی سازش ناکام ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اہل حق سازشی چہروں کو پہچانتے ہیں، سنی اتحاد کونسل پوری طاقت سے انتخابی میدان میں اترے گی، ہم ’’لبیک یا رسول اللہ(ص)‘‘ کے نعرے پر انتخابی مہم چلائیں گے۔ استقبالیہ میں مرکزی جے یو پی کے راہنما طارق محبوب، پیر فضیل عیاض قاسمی، چودھری محمود، پیر محمد اطہر القادری، مفتی محمد حسیب قادری، شیخ اظہر سہیل، پیر طارق ولی چشتی، محمد نواز کھرل، حافظ زاہد رازی سمیت علماء و مشائخ اور سول سوسائٹی کے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 217266
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش