0
Monday 3 Dec 2012 13:39

سندھ اسمبلی، مستعفی چار صوبائی وزراء میں سے دو کو وزیر، ایک کو مشیر اور ایک کو معاون خصوصی بنا دیا گیا

سندھ اسمبلی، مستعفی چار صوبائی وزراء میں سے دو کو وزیر، ایک کو مشیر اور ایک کو معاون خصوصی بنا دیا گیا
اسلام ٹائمز۔ دہری شہریت کے معاملے پر سندھ اسمبلی کی رکنیت اور وزارت سے مستعفی ہونے والے چار صوبائی وزراء میں سے دو دوبارہ وزیر، ایک کو مشیر اور ایک کو معاون خصوصی بنادیا گیا ہے اور انہیں وہی قلمدان سونپ دئیے گئے ہیں جو پہلے ان کے پاس تھے ان کے علاوہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رکن صوبائی اسمبلی خواجہ اظہار الحسن کو صوبائی وزیر اوردہری شہریت پر استعفیٰ دینے والے رکن قومی اسمبلی حیدر عباس رضوی کو معاون خصوصی مقرر کیا ہے۔ مشیر اور معاونین خصوصی کے عہدے بھی صوبائی وزیر کے برابر ہوں گے۔

دوبارہ وزیر بننے والوں میں پیپلز پارٹی کے سید مراد علی شاہ اور صادق میمن شامل ہیں۔ ایم کیو ایم کے مستعفی ہونے والے رضا ہارون کو وزیراعلیٰ سندھ کا مشیر جبکہ ڈاکٹر محمد علی شاہ کو وزیراعلیٰ سندھ کا معاون خصوصی بنایا گیا ہے۔ صادق میمن کو سندھ ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ وکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (سٹیوٹا) رضا ہارون کو انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈاکٹر محمد علی شاہ کو کھیل کے قلمدان سونپے گئے جو پہلے ان کے پاس تھے۔ ایم کیو ایم کے رکن صوبائی اسمبلی خواجہ اظہار الحسن کو صوبائی وزیر اور مستعفی رکن قومی اسمبلی حیدر عباس رضوی کو معاون خصوصی مقرر کیا ہے۔ خواجہ اظہار الحسن اور حیدر عباس رضوی کے پاس فی الحال کوئی قلمدان نہیں ہیں۔

حکومت سندھ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے آئین کے آرٹیکل 130 (9) کے تحت حاصل اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے سید مراد علی شاہ اور صادق میمن کو دوبارہ صوبائی وزیر مقرر کیا ہے۔ مذکورہ آرٹیکل کے مطابق وزیراعلیٰ کسی بھی ایسے شخص کو وزیر بناسکتے ہیں جو صوبائی اسمبلی کے ممبر نہ ہو لیکن اسے اپنی نامزدگی کے 6 ماہ کے اندر اسمبلی کا رکن بننا ہوگا۔ اگر وہ شخص چھ ماہ کے اندر اسمبلی کا رکن منتخب نہ ہو سکا تو وہ وزیر نہیں رہ سکے گا۔

دوسری طرف بعض قانونی حلقے یہ سوال کر رہے ہیں کہ مذکورہ اسمبلیوں کے باقی ساڑھے تین ماہ رہ گئے ہیں۔ لیکن اس صورت میں مذکورہ آرٹیکل کا اطلاق ہو سکتا ہے یا نہیں؟ اتوار کو حکومت سندھ کی جانب سے صوبائی وزراء، مشیر معاونین خصوصی کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ صوبائی وزراء سید مراد علی شاہ صادق میمن اور خواجہ اظہار الحسن سے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب گورنر ہاوس میں منعقد ہوئی۔ جس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، صوبائی وزراء مشیروں اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 217435
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش