0
Tuesday 4 Dec 2012 17:45

پاکستان اور ایران کے مابین دوستی کا ایک لازوال رشتہ قائم ہے، مشاہد حسین سید

پاکستان اور ایران کے مابین دوستی کا ایک لازوال رشتہ قائم ہے، مشاہد حسین سید
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ ق کے سیکرٹری جنرل و سینیٹر مشاہد حسین سید کی دعوت پر ایرانی پارلیمنٹ کے نیشنل سیکورٹی اور دفاعی کمیشن کے چیئرمین و سابق نائب وزیر خارجہ علاؤالدین بروجردی کا دورہ پاکستان، مشاہد حسین سید اور صوبائی وزیر ریلیف حلیم عادل شیخ نے کراچی ائیر پورٹ پر ایرانی وفد کا شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر ایرانی وفد کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے میں مشاہد حسین سید نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین دوستی کا ایک لازوال رشتہ قائم ہے، جسے مزید مضبوط کرنے کے لئے دونوں ممالک کو ایک دوسر ے کے ساتھ معاشی اقتصادی اور دفاعی تبادلوں اور تعاون کو مزید جاری رکھنا ہوگا۔

سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ پاکستان ایران سمیت مسلم ممالک میں ہونے والی اسرائیلی جارحیت اور بربریت کے نتیجے میں لاکھوں بے گناہ لوگوں کو شہید کرنے کے واقعے کی پرزور مذمت کرتا ہے، پاکستان کی پالیسی اس سے بڑھ کر نہیں ہوسکتی کہ وہ تمام ہمسایہ مسلم ممالک سے تعاون میں بہتری کا خواہش مند ہے۔ انہوں نے کراچی میں متعین ایرانی قونصل جنرل عباس علی عبداللہی کی سندھ بھر میں صوبائی وزیر ریلیف حلیم عادل شیخ کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ مقامات کے دورے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران کی جانب سے پاکستان کو ہر دور میں ہر مشکل گھڑی میں تعاون حاصل رہا ہے۔

اس موقع پر ایران میں امام خمینی ریلیف فاؤنڈیشن کی جانب سے مسلم لیگ (ق) سندھ کے جنرل سیکرٹری و صوبائی وزیر ریلیف حلیم عادل شیخ کو ملنے والی دورے کی دعوت پر بات چیت کرتے ہوئے علاؤالدین بروجردی نے اسے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ حلیم عادل شیخ جس نیت سے ایران کے دورے پر آ رہے ہیں، وہ ایران اور پاکستان کی مضبوط دوستی کے لئے ایک اچھی پیشرفت ثابت ہوگی۔ 

علاؤالدین بروجردی نے کہا کہ حلیم عادل شیخ نے جس طرح سیلاب زدگان کی بحالی کے لئے اقدامات اٹھائے، وہ قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی مہمان نوازی کی تعریف کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کی دوستی پر فخر کرتے ہیں، ایران نے پاکستان میں قدرتی آفات کے دنوں میں ہر ممکن مدد کی ہے اور آئندہ بھی ہم ہر طرح سے اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔

دیگر ذرائع کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کی دفاع اور قومی سلامتی سے متعلق کمیٹی کے چئیرمین علاؤ الدین بروجرد نے کہا کہ ایران اسرائیل کے خلاف کام کرنے والی تنظیموں کی ہر طرح سے مدد کرتا ہے۔ دفاعی کمیٹی کے چیئرمین مشاہد حسین سید کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے میں علاؤ الدین بروجردی نے کہا کہ شام کی خانہ جنگی کے پس پردہ امریکہ اور برطانیہ ہیں۔ پاک ایران سرحد میں منشیات اسمگلنگ روکنے کیلئے باڑ لگائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک ایران بجلی فراہمی میں بنیادی مسئلہ انفراسٹرکچر کا ہے، یہ مسئلہ حل ہو جائے تو ایران پاکستان کو بجلی مہیا کرسکتا ہے۔ مشاہد حسین سید نے کہا کہ پاکستان ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کی حمایت کرتا ہے اور ایرانی وفد کے دورے سے دفاعی تعاون بڑھے گا۔
خبر کا کوڈ : 217756
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش