0
Tuesday 4 Dec 2012 19:06
ایران کیلئے پاکستان انتہائی اہم ملک

پابندیوں کے باوجود گیس پائپ لائن منصوبے پر کام جاری رہیگا، رامین مہمان پرست

پابندیوں کے باوجود گیس پائپ لائن منصوبے پر کام جاری رہیگا، رامین مہمان پرست
 اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان رامین مہمان پرست نے یقین دلایا ہے کہ پابندیوں کے باوجود پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر کام جاری رہے گا۔ لاہور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران کے لئے پاکستان انتہائی اہم ملک ہے۔ تیسری طاقت ہمارے برادرانہ تعلقات کو خراب کرنے کے لئے کام کر رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران پر امریکی پابندیاں غیر قانونی ہیں۔ امریکہ کو ہماری خود مختاری کا احترام کرنا ہوگا۔

دیگر ذرائع کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان رامین مہمان پرست نے کہا ہے کہ بہت جلد پاکستانی صدر آصف علی زرداری گیس پائپ لائن منصوبے پر دستخط کرنے کے لیے تہران جائیں گے۔ لاہور پریس کلب کے گیسٹ آف آنر میں مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان وزارت خارجہ ایران نے کہا کہ ایران کا نیوکلر پروگرام دس سال سے چل رہا ہے، جبکہ عالمی پابندیاں 32 سال سے ہیں، انہوں نے کہا کہ امریکہ اپنے مقاصد کے لیے انسانی حقوق، جمہوریت، دہشتگرد گروپوں کے خلاف لڑائی اور ہم جنس پرستی کو ہتھکنڈے کے طور پر استعمال کرتا ہے۔

رامین مہمان پرست کا کہنا تھا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن سے دونوں ممالک کے اخراجات کم اور تعاون زیادہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایران، سعودی عرب، ترکی، عراق اور دیگر مسلم ممالک سے مذاکرات کے ذریعے اختلافی مسائل کو حل کیا جاسکتا ہے۔ رامین مہمان نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے میڈیا کے درمیان مضبوط تعاون چاہتے ہیں، میڈیا سے تعاون کے لیے پاکستانی حکام سے بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیوکلیئر پروگرام کو ہم پرامن مقاصد کے لیے استعمال کریں گے، رامین مہمان نے کہا کہ مستقبل ایشیا کا ہے، امریکہ اپنے مدمقابل چین، روس، بھارت اور ایران پر مختلف ہتھکنڈوں سے دباؤ رکھنا چاہتا ہے، رامین مہمان نے دونوں ممالک کے درمیان صحافیوں کے وفود کے تبادلے کی خواہش بھی ظاہر کی۔ اس موقع پر ایران کے قونصل جنرل محمد حسین بنی اسدی بھی انکے ہمراہ تھے۔
خبر کا کوڈ : 217925
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش