0
Wednesday 5 Dec 2012 12:43

مجلس وحدت مسلمین کا 13جنوری 2013ء کو لیاقت باغ راولپنڈی میں عظیم الشان اجتماع کرنیکا اعلان

مجلس وحدت مسلمین کا 13جنوری 2013ء کو لیاقت باغ راولپنڈی میں عظیم الشان اجتماع کرنیکا اعلان
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین نے ڈھوک سیداں راولپنڈی، ڈی آئی خان، کراچی اور ملک کے دیگر حصوں میں محرم الحرام کے دوران بم دھماکوں سے شہید ہونے والے شہداء کا چہلم منانے کیلئے 13 جنوری 2013ء کو راولپنڈی کے تاریخی لیاقت باغ میں عظیم الشان اجتماع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، یہ فیصلہ ایم ڈبلیو ایم کی مرکزی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔ اسلام آباد میں مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری کی صدارت میں ہونے والے مرکزی کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محرم الحرام میں عزاداری سید الشہداء کے دفاع میں شہید ہونے والے افراد کے چہلم کا عظیم الشان اجتماع منعقد کیا جائیگا اور دنیا کو پیغام دیا جائیگا کہ ہم عزاداری سید الشہداء پر کسی صورت کوئی کمپرومائز نہیں کریں گے۔ 

اجلاس میں پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی کی سربراہی میں کمیٹی بھی تشکیل دی گئی، جو اس اجتماع کے تمام انتظامات کو دیکھے گی۔ کمیٹی میں سیکرٹری سیاسیات ناصر عباس شیرازی، ملک اقرار حسین سمیت دیگر شامل ہیں، جو اس اجتماع کے تمام انتظامات کو دیکھیں گے۔ اجتماع میں راولپنڈی اسلام آباد سمیت گرد و نواح سے ہزاروں افراد کی شرکت کرائی جائیگی اور شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا جائیگا۔ مرکزی کابینہ کے اجلاس میں ملک بھر میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ، عزاداری کے جلوسوں پر ہونے والے بم دھماکے اور تکفیر گروہوں کی بڑھتی ہوئی فعالیت پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ 

اجلاس میں محرم الحرام میں عزاداری کے جلوس عزا، امن و امان کی صورتحال اور ملکی حالات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں ضلع جھنگ میں علامہ اظہر حسین کاظمی اور گلگت میں سیکرٹری جنرل شیخ نیئر عباس مصطفوی کی گرفتاری کی شدید مذمت کی گئی اور اسے حکمرانوں کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ قرار دیا گیا۔ اجلاس میں رکن شوریٰ عالی علامہ حافظ نوری کی وفات پر بھی گہر ے افسوس کا اظہار کیا گیا اور اسے بلتستان کے عوام کیلئے ایک بڑا نقصان قرار دیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مرکزی سیکرٹری جنرل بلتستان جائیں گے اور مرحوم حافظ نوری کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 218109
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش