0
Wednesday 5 Dec 2012 16:41

حضرت علی (ع) کے حرم کو بم سے اڑانے اور آیت اللہ سیستانی کے قتل کی سازش ناکام

حضرت علی (ع) کے حرم کو بم سے اڑانے اور آیت اللہ سیستانی کے قتل کی سازش ناکام
اسلام ٹائمز۔ فارس نیوز نے عراقی سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ عراقی سکیورٹی فورسز نے نجف اشرف میں حضرت امام علی (ع) کے حرم مطہر کو بم سے اڑانے اور آیت اللہ سیستانی سمیت دیگر مراجع عظام کے قتل کا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے اور اس گھناونی سازش میں ملوث دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ فارس نیوز کی رپورٹ کے مطابق عراق کے صوبے بابل میں سکیورٹی فورسز کے ایک ذرائع نے بغداد کی انٹرنیشنل نیوز ایجنسی "واب" کو بتایا ہے کہ عراقی سکیورٹی فورسز نے نجف اشرف میں حضرت علی (ع) کے حرم مطہر میں بم دھماکہ کرنے اور آیت اللہ سیستانی سمیت دیگر مراجع عظام کو قتل کرنے کی سازش ناکام بنا دی ہے۔ 

ذرائع کے مطابق عراقی سکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کے اس منصوبے کو ناکام بناتے ہوئے اس گھناونی سازش میں ملوث "دولت اسلامی عراق" کے نام سے موسوم گروہ کے تیس مسلح دہشتگردوں کو صوبہ بابل کے شمالی حصے سے گرفتار کر لیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دہشتگرد گروہ پر عراقی شہریوں کے خلاف مختلف دہشتگردانہ کارروائیوں کا الزام ہے۔ گرفتار ہونے والے دہشتگردوں نے صوبہ بابل کے مختلف علاقوں میں ہونے والے بم دھماکوں میں ملوث ہونے اور حضرت علی (ع) کے حرم مطہر کو بم دھماکے سے اڑانے کی سازش کا اعتراف کر لیا ہے۔

 عراقی سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشتگردوں سے ہونے والی تفتیش اور ان کے اعترافات کی روشنی میں سکیورٹی فورسز کی ایک ٹیم نے "جیور"، "ناحیہ النیل"، "جرف الصخر" اور "البحیرات" سمیت عراق کے مختلف علاقوں سے بھی کچھ گرفتاریاں کی ہیں۔ اس ذریعے نے یہ بھی بتایا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی اس ٹیم نے گرفتار ہونے والے دہشتگردوں سے تفتیش اور ان سے مربوط دیگر افراد کی شناسائی کے لئے انہیں تفتیشی مراکز میں منتقل کر دیا ہے۔ 
خبر کا کوڈ : 218198
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش