QR CodeQR Code

پاکستان میں فرقہ ورانہ فسادات کو ہوا دینے کی عالمی سازش کی جا رہی ہے، فضل کریم

5 Dec 2012 20:25

اسلام ٹائمز:مرکزی وصوبائی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ کونسل 2013ء کو ’’انقلابِ نظامِ مصطفی سال‘‘ کے طور پر منائے گی اور جمعہ 7 دسمبر کو ڈرون حملوں کے خلاف ملک گیر یومِ مذمت منایا جائیگا۔


اسلام ٹائمز. سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن میں الیکشن کمیشن کے ضابطۂ اخلاق کی دھجیاں اڑائی گئیں، ضمنی انتخابات کے دوران فائرنگ کے واقعات پنجاب حکومت کی نااہلی ہے، سنی اتحاد کونسل 2013ء کو ’’انقلابِ نظامِ مصطفی سال‘‘ کے طور پر منائے گی اور جمعہ 7 دسمبر کو ڈرون حملوں کے خلاف ملک گیر یومِ مذمت منایا جائے گا، امریکہ ڈرون حملے بند اور عافیہ صدیقی کو رہا کرے۔

سنی اتحاد کونسل کے مرکزی و صوبائی عہدیداروں کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ دو ماہ پر مشتمل ملک گیر رابطہ مہم شروع کر دی ہے،اس مہم کے دوران چاروں صوبوں میں پانچ سو جلسے منعقد کئے جائیں گے اور وکلاء، مزدوروں، طلباء، اساتذہ، ڈاکٹرز کے الگ الگ کنونشن بھی کئے جائیں گے، اجلاس میں جنوری 2013 ء میں علماء و مشائخ اور دینی مدارس کے سربراہوں کا بڑا کنونشن منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں انتخابی امیدواروں کے چناؤ کے لیے مرکزی سیکرٹری جنرل حاجی محمد حنیف طیب کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی جبکہ دینی مدارس کے لیے علامہ محمد شریف رضوی، علماء کے لیے مفتی محمد اقبال چشتی، نوجوانوں کے لیے طارق محبوب، تاجروں کے لیے شیخ اظہر سہیل، وکلاء کے لیے بیرسٹر وسیم الحسن نقوی اور اساتذہ کے لیے پیر محمد اطہر القادری کی سربراہی میں کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ اہل حق کی سیاسی و مذہبی قوت کی بحالی و سربلندی کے لیے جدوجہد تیز تر کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر ’’عرب بہار‘‘ کو خزاں میں تبدیل کرنے کا عمل شروع ہو چکا ہے، پاکستان میں فرقہ ورانہ فسادات کو ہوا دینے کی عالمی سازش کی جا رہی ہے، علماء و مشائخ فرقہ ورانہ قتل و غارت کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ شیطانی قوتیں پاکستانی فوج اور ایٹم بم کو تباہ کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ دین کا صحیح تشخص بحال اور حقیقی اسلام دنیا کے سامنے پیش کرنا ہو گا۔

انہوں نے مزید کہاکہ قومی اداروں میں گڈ گورننس کو ممکن بنایا جائے اور نگران حکومت کے قیام کے لیے تمام چھوٹی بڑی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے، شفاف انتخابات کے لیے غیرجانبدار نگران حکومت انتہائی ضروری ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ کراچی اور بلوچستان عالمی سازشوں کی لپیٹ میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ مسلمانوں کو معاشی اور عسکری لحاظ سے کمزور کرنے پر تلا ہوا ہے، امریکی سازشیں ناکام بنانے کیلئے قوم کو متحد ہونا ہو گا۔


خبر کا کوڈ: 218281

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/218281/پاکستان-میں-فرقہ-ورانہ-فسادات-کو-ہوا-دینے-کی-عالمی-سازش-جا-رہی-ہے-فضل-کریم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org