QR CodeQR Code

امریکائی کارٹونی اسلام نے اصل اسلام کا چہرہ مسخ کردیا

امریکہ کے حامی شخص یا جماعت کو ووٹ دینا حرام ہے، علامہ سید جواد نقوی

7 Dec 2012 01:44

اسلام ٹائمز: سرگودھا میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے تحریک بیداری امت مصطفٰی کے روح رواں کا کہنا تھا کہ کربلا وراثت اسلامی کے تحفظ کے لئے ایک مشق ہے اور ہم اسی مشق کو جاری رکھ کر دین مبین کی حفاظت کرسکتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک بیداری امت مصطفٰی (ص) کے روح رواں اور حوزہ علمیہ جامعہ العروۃ الوثقٰی کے پرنسپل علامہ سید جواد نقوی کا کہنا ہے کہ وراثت اسلامی ایک نبی (ع) سے دوسروں انبیاء (ع) تک مرحلہ وار منتقل ہوئی ہے، ہر نبی (ع) نے اس وراثت کی حفاظت کے لئے حالات کے مطابق اقدامات کئے، امام حسین (ع) نے کربلا میں عظیم قربانی دے کر انبیاء (ع) کی وراثت کے تحفظ کے لئے ایسا اقدام کیا کہ دین اسلام رہتی دنیا تک قائم و دائم رہے گا۔ امام حسین (ع) تمام انبیاء (ع) کے وارث ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرگودھا کی مرکزی امام بارگاہ 7 بلاک میں "حسین (ع) وارث انبیاء (ع)" سمینار سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ مکتب اہل بیت (ع) اس وراثت اسلامی کا امین اور محافظ ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم بھی اس وراثت کی حفاظت کے لئے امام حسین (ع) کی سیرت پر چل کر وراثت اسلامی کی حفاظت کریں۔

علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ کربلا وراثت اسلامی کے تحفظ کے لئے ایک مشق ہے، اور ہم اسی مشق کو جاری رکھ کر دین مبین کی حفاظت کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج جو مکتب جعفریہ کی نسل کشی ہو رہی ہے اور ہمارا خون بہایا جا رہا ہے۔ خون بہانے والے طاغوتی وراثت کا تحفظ اور تسلسل چاہتے ہیں اور خون پیش کرنے والے کربلائی مشق کا تسلسل جاری رکھ کر وراثت اسلامی کا تحفظ کر رہے ہیں۔ انہوں نے رائج جمہوری نظام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حاکمیت صرف اور صرف اللہ کی ہے اور ووٹ سے کوئی حاکم اعلٰی نہیں بن سکتا، انہوں نے کہا کہ اقتدار کا حق صرف اُسے حاصل ہے جو اسلامی وراثت کا تحفظ کرسکے۔
 
معروف عالم دین کا کہنا تھا کہ امریکہ دنیا میں اپنی پسند کا کارٹونی اسلام نافذ کرکے اسلام کی اصل روح اور اسلامی وراثت کو ہمیشہ کے لئے ختم کرنے کے درپے ہے۔ امریکائی کارٹونی اسلام نے اصل اسلام کا چہرہ مسخ کر دیا ہے، آج عجیب عجیب حالتوں میں اسلام ملتا ہے، جس سے صدر اسلام بھی شائد آگاہ نہ ہوں، اسلامی وراثت کا تحفظ اس کارٹونی اسلام سے نجات حاصل کرکے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے حامی اور وراثت اسلامی کے دشمن شخص یا جماعت کو ووٹ دینا اسلامی نقطہ نظر سے حرام ہے۔


خبر کا کوڈ: 218585

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/218585/امریکہ-کے-حامی-شخص-یا-جماعت-کو-ووٹ-دینا-حرام-ہے-علامہ-سید-جواد-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org