0
Friday 7 Dec 2012 01:31

علماء کرام کے قتل عام میں امریکہ، اسرائیل اور بھارت ملوث ہیں، قاضی حسین احمد

علماء کرام کے قتل عام میں امریکہ، اسرائیل اور بھارت ملوث ہیں، قاضی حسین احمد
اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سربراہ اور سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ علماء کرام کے قتل عام میں امریکہ، اسرائیل اور بھارت ملوث ہیں، حکومت ٹارگٹ کلرز کو بے نقاب کرے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ میں مسلم لیگ ضلع نوشہرہ کے صدر حاجی نور محمد خان کی ہمشیرہ کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قاضی حسین احمد کا کہنا تھا کہ ملک میں علماء کرام کی ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ جاری ہے، مدرسہ تجوید القران بارہ بانڈہ نوشہرہ کے مہتمم قاری میرولی اور کراچی میں مولانا اسماعیل کا قتل ملک میں افراتفری پیدا کرنے کی ایک سوچی سمجھی سازش ہے، یہ قتل فرقہ پرستی کی آگ لگانے کیلئے کئے گئے لیکن ہمیں معلوم ہے کہ علماء کرام کو کون لوگ قتل کر رہے ہیں، ہم برملا کہتے ہیں کہ اس قسم کے واقعات میں اسرائیل، بھارت اور امریکہ ملوث ہیں۔
 
ان کا کہنا تھا کہ اب یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان ٹارگٹ کلرز کو بے نقاب کرے، تاہم موجودہ حکومت سے ہمیں یہ توقع نہیں کہ وہ ٹارگٹ کلرز کو بے نقاب کریگی کیونکہ گذشتہ پانچ سال میں ایک بھی ٹارگٹ کلر کو بے نقاب نہیں کیا گیا، اور نہ ہی کسی کو سزاء ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کا وقت قریب آگیا ہے، موجودہ حکومت کا وقت بھی ختم ہو رہا ہے اور اب اتنا وقت رہ گیا ہے جسمیں انکو آئندہ کے روڈ میپ کا اعلان کرنا چاہئے، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو چاہئے کہ مزید وقت ضائع کئے بغیر ایک عبوی غیرجانبدار حکومت قائم کریں، مارشل لاء یا ایمرجنسی کا کوئی امکان نہیں، کیونکہ فوج سمیت حکمرانوں پر بھی یہ بات واضح ہوچکی ہے کہ قو م مزید اس قسم کے ہتھکنڈے قبول نہیں کریگی، انہوں نے کہا کہ اگر ایسی کوئی بھی کوشش کی جاتی ہے تو ہم عوامی قوت سے کسی بھی مارشل لاء یا ایمرجنسی کا راستہ روکیں گے۔ 
خبر کا کوڈ : 218704
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش