0
Friday 7 Dec 2012 23:03

آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف کاحقیقی مقابلہ مسلم لیگ ن سے ہوگا، شاہ محمود قریشی

آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف کاحقیقی مقابلہ مسلم لیگ ن سے ہوگا، شاہ محمود قریشی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک کے مرکزی وائس چیئرمین و سابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کے مقابل تحریک انصاف صف آراء نظر آئے گی، پنجاب بھر میں مقابلہ انہیں دو جماعتوں کے درمیان ہوگا کیونکہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ق کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے اور اُنہیں ابھی بیساکھیوں کی ضرورت محسوس ہونے لگی ہے لیکن حکمرانوں کی ناقص کارکردگی کے باعث ملکی حالات اس سٹیج پر آپہنچے ہیں کہ اب بیساکھیاں بھی اُنہیں سہاراد ینے سے قاصر ہیں، ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں حاجی مختار علی انصاری کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ عام انتخابات میں تحریک انصاف پنجاب سمیت ملک کے تمام صوبوں میں ایک بڑی سیاسی قوت کے طور پر ابھر کر سامنے آئے گی اور ملک میں پُرانی سیاسی پارٹیوں کو اپنی قد کاٹھ کا پتا چل جائے گا۔ 

تحریک انصاف کے مرکزی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان مختلف ادوار میں آنیوالی حکومتوں نے خارجہ پالیسی کو معاشی ضروریات کے تابع کردیا ہے جس کے باعث ملکی سلامتی میں بیرونی مداخلت میں اضافہ ہوا، تحریک انصاف ایڈ کی بجائے ٹریڈ کو ترجیح دیتی ہے اور ملک و قوم کو اس سے نجات دلائے گی، اپنے وسائل پر انحصار کرتے ہوئے آزاد اور خود مختار پالیسی بنائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ماضی و حال کے حکمرانوں نے موروثی اور مفاداتی نظام سے عوام کو سخت مایوس کیا ہے، احمقانہ طرز حکمرانی نے ملک کو ہمہ گیر بحرانوں سے دوچار کر کے رکھ دیا ہے۔ 

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا سونامی تھما نہیں جاری ہے، بعض لوگ اقتدار اور موروثی سیاست کے نشے میں مست ہونے کی وجہ سے خوش فہمی میں مبتلا ہیں، میرا اگر وزارت کا مسئلہ ہوتا تو پاکستان پیپلزپارٹی کو خیرباد نہ کہتا اور اگر تحریک انصاف کو چھوڑنا ہوتا تو میاں نواز شریف کی رہائش گاہ پر چودھری نثار اور دیگر رہنمائوں کی جانب سے استقبال کے بعدمسلم لیگ ن کو جوائن کرلیتا لیکن میرا مقصد اس ملک کے نظام کی تبدیلی اور عوام کو شفاف نظام جمہوریت دینا ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔
خبر کا کوڈ : 218947
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش