0
Saturday 8 Dec 2012 14:25

پنجاب میں حکومت آصف زرداری کے احسانات کی مرہون منت ہے، اعجاز درانی

پنجاب میں حکومت آصف زرداری کے احسانات کی مرہون منت ہے، اعجاز درانی
اسلام ٹائمز۔ بلاول ہاؤس کے ترجمان اعجاز درانی نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف ہوس اقتدار کی خاطر اخلاقیات کی تمام حدود ریاستی طاقت کے بل بوتے پر روند رہے ہیں، شریف برادران نے ہمیشہ جس تھالی میں کھایا اسی تھالی میں چھید کیا۔ آج شریف برادران کی پنجاب میں حکومت صدر پاکستان آصف علی زرداری کے احسانات اور گڑھی خدا بخش کے شہیدوں کے قبروں کی مرہون منت ہے۔ لیکن ” بڑے میاں اور چھوٹے میاں “ نے ہمیشہ اپنے محسنوں کی پیٹھ پر چھرا گھونپتے ہیں۔
 
اعجاز درانی نے مزید کہا کہ شریف برادران نے سابق آمر ضیاء الحق کی گود میں پرورش حاصل کی اور قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کو شہید کرنے میں کبھی تارا مسیح اور کبھی جسٹس مولوی مشتاق کا کردار ادا کیا۔ شریف برادران اپنے مفادات کے حصول کی خاطر جنرل ضیاء، جسٹس مولوی مشتاق اور تارا مسیح کا شرمناک ساتھ دینے پر پوری قوم سے معافی مانگی۔

انہوں نے کہا کہ ہوس اقتدار کی خاطر شریف برادران نے جنرل پرویز مشرف کو چیف آف آرمی اسٹاف بنایا اور پاکستان پیپلز پارٹی اور بھٹو خاندان کے خلاف انہیں استعمال کیا۔ وقت پڑنے پر خود ہی مکافات عمل کا شکار ہوگئے اور پرویز مشرف سے گٹھ جوڑ کرکے ریڈ کارپٹ پروٹوکول کے ذریعے ملک سے فرار ہوگئے اور اپنے قریب ترین ساتھیوں کو بھی مشرف کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا۔

ترجمان بلاول ہاؤس نے کہا کہ آج ” بڑے میاں اور چھوٹے میاں “ پنجاب میں اپنی ہی خالی ہونے والی نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات پر رقص و سرور کے سرکاری کارنر میٹنگ کرکے خود آسمان پر تھوک کر اپنا منہ خراب کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب بڑے میاں اور چھوٹے میاں غور سے سن لیں کہ اب ٹریلر اور فلم کا دور ختم ہو چکا ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں ایک جانب بھٹو خاندان کے شہیدوں کا لشکر ہوگا جس کی قیادت صدر مملکت آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری، بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری کریں گے اور دوسری جانب شریف برادران اپنے پیر و مرشد جنرل ضیاء، جسٹس مولوی مشتاق اور تارا مسیح کے شرمناک کردار کے سامنے اکیلے کھڑے ہوں گے اور تاریخ میں ان دونوں نام نہاد شریفوں کو پاکستان کے غیور و باشعور قوم عبرت کی نگاہ سے دیکھیں گی۔
 
ترجمان بلاول ہاؤس اعجاز درانی نے کہا کہ شریف برادران نے قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کی شہادت پر بھی لاہور میں بھنگڑے ڈال کر مٹھائی تقسیم کی تھی آج وہ ایک مرتبہ پھر بھٹو خاندان پر کیچڑ اچھال کر بھنگڑے ڈال رہے ہیں لیکن تاریخ ہمیشہ شہیدوں کا بول بالا اور یزیدیت کا منہ کالا کرتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 219090
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش