0
Sunday 14 Mar 2010 11:34

بھارت لاہور دھماکوں میں ملوث ہو سکتا ہے، وزیراعظم کو آئی ایس آئی بریفنگ، بھارت کی تردید

بھارت لاہور دھماکوں میں ملوث ہو سکتا ہے، وزیراعظم کو آئی ایس آئی بریفنگ، بھارت کی تردید
اسلام ٹائمز - جنگ نیوز کے مطابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کو ہفتہ کو ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا کی طرف سے ملک کی سلامتی کی صورتحال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی اس بریفنگ میں آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی بھی موجود تھے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم کو لاہور میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے حوالے سے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹس بھی پیش کی گئیں جن میں یہ بات بتائی گئی کہ بھارت ان واقعات میں ملوث ہو سکتا ہے اور انٹیلی جنس ادارے اس حوالے سے ٹھوس شواہد جمع کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے تمام سیکورٹی اداروں کے درمیان روابط اور انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت دہشت گردی کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے پوری طرح پرعزم ہے اور اگر لاہور کے واقعات میں بھارت کا ہاتھ ثابت ہو گیا تو پاکستان اس پر نہ صرف بھرپور احتجاج کرے گا بلکہ ہم اپنی سیکورٹی اور سالمیت کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر اقدامات بھی اٹھائیں گے۔
دوسری طرف بھارت نے ان الزامات کی سختی سے تردید کی ہے کہ جمعہ کے روز لاہور میں ہونے والے بم دھماکوں میں بھارت ملوث ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بریفنگ میں کہا کہ بھارت کسی بھی صورت میں پاکستان کو غیر مستحکم نہیں دیکھنا چاہتا اور نہ ہی خطے میں کشیدگی کی فضا قائم کرنا چاہتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کی حکومت لاہور میں ہونے والے دھماکوں کی سختی سے مذمت کرتی ہے۔ حکومت کو ہلاک ہونے والے افراد کے خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی ہے۔ خصوصاً بیگناہ شہریوں، بچوں اور عورتوں کے ساتھ دہشت گردی ایک بے حد گھناؤنا جرم ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کو بار بار یاد دلایا جاتا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین پر قائم دہشت گردی کے نیٹ ورکس کو ختم کرے لیکن پاکستان اس طرف دھیان نہیں دیتا، پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی اسی وجہ سے بڑھ گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 21937
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش