0
Sunday 9 Dec 2012 10:51
ایران پاکستان کو بجلی، گیس اور تیل فراہم کرنے کیلئے تیار ہے

امریکہ اسلامی ممالک کو آپس میں الجھانا چاہتا ہے، دہشتگرد گروہوں کو امریکی پشت پناہی حاصل ہے، رامین مہمانپرست

امریکہ اسلامی ممالک کو آپس میں الجھانا چاہتا ہے، دہشتگرد گروہوں کو امریکی پشت پناہی حاصل ہے، رامین مہمانپرست
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان رامین مہمان پرست نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور علاقائی تعاون میں پاکستان کا کردار بہت اہم ہے، پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے میں چین، روس، بھارت اور جنوبی کوریا بھی شامل ہو سکتے ہیں۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دہشت گرد گروپوں کو امریکہ کی پشت پناہی حاصل ہے، امریکہ اسلامی ممالک کو آپس میں الجھانا چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقائی مسائل کا حل پاکستان کے بغیر ممکن نہیں۔

رامین مہمان پرست نے کہا کہ ایران پاکستان کو بجلی، گیس اور تیل فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔ پاکستان سے گندم کے علاوہ چاول کی براہ راست درآمد بھی چاہتے ہیں، مارچ دو ہزار تیرہ میں پاکستان کے لیے توانائی کے نئے منصوبوں کا اعلان کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے میں چین، روس، بھارت اور جنوبی کوریا بھی شامل ہو سکتے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مشرق وسطٰی میں سیاسی بحران نہیں بلکہ اسلامی بیداری کی لہر ہے، جو اسرائیل کے لیے پریشان کن ہے۔ غزہ میں نئی اسرائیلی آباد کاری سے متعلق انھوں نے کہا کہ فلسطینی زمین پر اسرائیلی بستیوں کا قیام سراسر ناانصافی ہے، عالم اسلام کو صیہونی حکومت کے اس فیصلے کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا چاہیئے۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان رامین مھمان پرست نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوری ایران، ملت ایران کے حقوق کا احترام کرنے والے ہر ملک سے گفتگو کرے گا۔ فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رامین مہمان پرست نے کراچی میں ایک پریس کانفرنس میں ایران امریکہ ممکنہ مذاکرات کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایران دنیا کے ہر اس ملک کے ساتھ جو ایرانی حکومت اور قوم کے حقوق کا احترام کرتا ہو اور عملی طور پر ایران مخالف مہم جوئی کا رویہ تبدیل کر چکا ہو، اس کے ساتھ مذاکرات کے لئے تیار ہے۔

اسلامی جمہوری ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے گذشتہ بتیس برسوں سے ایران پر امریکہ کی یکطرفہ پابندیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پندرہ پڑوسی ملکوں کے ساتھ تجارت پر پابندیاں ایک مضحکہ خیز اقدام تھا، کیونکہ ہر ملک اپنے مفاد کی فکر میں ہے۔ رامین مہمان پرست نے کہا کہ ملت ایران نے پابندیوں کو موقع میں تبدیل کر دیا اور اپنی خودمختاری کی حفاظت کرتے ہوئے علاقے کے ممالک کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے میں کامیاب رہا ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے علاقے کے تمام مسائل کی جڑ غیر ملکی افواج کی موجودگی کو قرار دیا اور کہا کہ امریکہ دہشتگردی کے خلاف جدوجہد کے بہانے افغانستان میں داخل ہوا، لیکن اس وقت ایسے شواہد موجود ہيں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ دہشتگرد گروہ، سی آئی اے کے ساتھ تعاون کرتے ہیں۔ مہمان پرست نے کہا کہ امریکہ صیہونی حکومت کو تحفظ دینے کے لئے اسلامی اور علاقائی ممالک کے درمیان کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایران پاکستان گیس پائپ لائن پروجیکٹ کے بارے میں کہا کہ ایران پاکستان امن گیس پائپ لائن پروجیکٹ ایرانی حکومت کی ترجیحات میں سے ہے اور تہران اس پروجیکٹ پر عمل درآمد کی پوری کوشش کرے گا۔
خبر کا کوڈ : 219417
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش