0
Monday 10 Dec 2012 14:06

جمعیت علماء پاکستان آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی، صاحبزادہ ابوالخیر زبیر

جمعیت علماء پاکستان آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی، صاحبزادہ ابوالخیر زبیر
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے جمعیت علماء پاکستان سندھ کی مجلس عاملہ و شوری کے اجلاس کے بعد رکن الاسلام جامعہ مجددیہ میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جے یو پی آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی، ہر حلقہ سے جے یو پی کے امیدوار کھڑے کئے جائیں گے، عام انتخابات میں ملک کی سطح پر مختلف جماعتوں سے رابطے کئے جا رہے ہیں، ایم ایم اے کی بحالی کیلئے جنوری میں اجلاس رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، بھتہ خوری کے خلاف جدوجہد کرنے اور ملک کی سالمیت پر یقین رکھنے والی محب وطن جماعتوں کا اتحاد ہونا چاہئے، سپریم کورٹ کی جانب سے دوبارہ حلقہ بندیوں کی حمایت کرتے ہیں جو منصفانہ الیکشن کیلئے ضروری ہیں، جنہوں نے اپنی پسند کی حلقہ بندیاں کی ہیں وہی اس کی مخالفت بھی کر رہے ہیں باقی کسی جماعت کو اس پر کوئی اعتراز نہیں ہے، حلقہ بندیاں دوبارہ کی جائیں اور ووٹر لسٹوں میں اندراج فوج سے کرایا جائے۔ انتخابات کے دوران فوج کو پولنگ اسٹیشن کے بجائے پولنگ بوتھ پر کھڑا کیا جائے۔ انتخابات سے قبل ہونے والی دھاندلی اور بے قاعدگیوں کے حوالے سے تحریری طور پر شکایات کے ساتھ ساتھ چند تجاویز بھی دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں مذہبی جماعتیں بھرپور کامیابی حاصل کریں گی ان کی کامیابی سے انقلاب برپا ہوگا، انشاءاللہ اس ملک میں نظام مصطفی (ص) کا انقلاب آئے گا، شفاف الیکشن ہوں اور عوام کو اپنی مرضی سے نمائندے منتخب کرنے کا موقع دیا جائے تو جے یو پی کئی سیٹیں حاصل کرے گی، ملک بھر میں بننے والے اتحادوں اور مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں سے رابطے جاری ہیں۔ جمعیت علماء پاکستان کے سینئر نائب صدر صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی صدیقی نے کہا کہ جے یو پی کے تحت چوبیس جنوری کو سکھر میں نظام مصطفی (ص) کانفرنس منعقد کی جائے گی، عام انتخابات کیلئے بھرپور تیار یاں کر رہے ہیں، اس کیلئے ہر اضلاع سے نمائندے کھڑے کئے جائیں گے، تمام جماعتیں الیکشن کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
خبر کا کوڈ : 219667
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش