QR CodeQR Code

حکمرانوں کی کرپشن، لوٹ مار اور امریکہ کی تابعداری نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے، آصف محمود

10 Dec 2012 12:05

اسلام ٹائمز: جماعت اسلامی ملتان کے امیر نے ورکرز کنونشن سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ روٹی، کپڑا اور مکان کے نعرے پر اقتدار میں آنے والی پیپلز پارٹی اور اتحادی جماعتیں ایم کیو ایم اور اے این پی نے لوگوں سے اُن کے جینے کا حق چھین لیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی ضلع ملتان میاں آصف محمود اخوانی نے کہا ہے کہ عوام کو اب اپنا ووٹ دینے کا رویہ بدلنا ہوگا، عوام برادریوں، جاگیرداروں اور وڈیروں کے چکر سے نکل کر صالح قیادت کا انتخاب کریں۔ حکمرانوں کی کرپشن، لوٹ مار اور امریکہ کی تابعداری نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے۔ ملکی سلامتی و خودمختاری کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ روٹی، کپڑا اور مکان کے نعرے پر اقتدار میں آنے والی پیپلزپارٹی اور اتحادی جماعتیں ایم کیو ایم اور اے این پی نے لوگوں سے اُن کے جینے کا حق چھین لیا ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی اور غربت کے ستائے عوام خود کشیوں پر مجبور ہیں۔ حکمران ٹولہ قومی خزانے کو لوٹنے میں مصروف ہے۔ جماعت اسلامی برسر اقتدار آکر ایک ایک پائی ان سے وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کروائے گی۔ ان خیالات کا اظہاراُنہوں نے جماعت اسلامی حلقہ پی پی 195کے زیر اہتمام قاضی حسین احمد ہال میں ورکرز کنونشن سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
 
ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر حلقہ ڈاکٹر عبدالرزاق بندیشہ، اُمیدوار صوبائی اسمبلی ڈاکٹر حفیظ انور، ڈاکٹر محمد یونس، رانا طارق نعیم و دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ کہ تبدیلی کا موقع آنے والا ہے عوام اپنے ووٹ کے ذریعے تبدیلی لے کر آئیں گے۔ کارکنان اپنی زندگیوں کو قر آن وسنت کا عملی نمونہ بنائیں۔ اخلاص اور اللہ کی رضا کی خاطر انتخابی مہم میں حصہ لیں۔ اُنہوں نے کہا کہ قرآن نے معیشت نہیں معاشرت کو ٹھیک کیا ہے معاشرت ٹھیک ہوگئی تو معیشت خود بخود بہتر ہوجائے گی۔ قرآن پر عمل کرنے کی وجہ سے مسلمان دنیا کی بہترین قوم بنی اور ترک قرآن کی وجہ سے آج دنیا میں ذلیل و خوار ہے۔


خبر کا کوڈ: 219764

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/219764/حکمرانوں-کی-کرپشن-لوٹ-مار-اور-امریکہ-تابعداری-نے-ملک-کو-تباہی-کے-دہانے-پر-لاکھڑا-کیا-ہے-آصف-محمود

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org