QR CodeQR Code

ایران پر امریکی اور یورپی ممالک کی پابندیاں بے اثر ہیں

امریکہ جلد ہی ایران سے شکست کھا کر واپس چلا جائیگا، رامین مہمان پرست

10 Dec 2012 12:28

اسلام ٹائمز: کراچی میں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے میں مخلص ہے، ایران پاکستانی مشکلات کے پیش نظر اس منصوبے میں مالی مدد کرنے کیلئے تیار ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اور نائب وزیر خارجہ رامین مہمان پرست نے کہا ہے کہ پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے میں مخلص ہے، ایران پاکستانی مشکلات کے پیش نظر اس منصوبے میں مالی مدد کرنے کیلئے تیار ہے، امریکہ اور یورپی ممالک کی جانب سے عائد پابندیاں کوئی اثر نہیں رکھتیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اور نائب وزیر خارجہ رامین مہمان پرست نے کراچی میں مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس میں خطاب کے دوران کیا۔ رامین مہمان پرست نے کہا کہ چین اور ایران کی باہمی تجارت کا حجم 40 ارب امریکی ڈالر جبکہ ایران اور بھارت کے درمیان 20 ارب ڈالر کی تجارت ہوتی ہے۔
 
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ بھی تجارت ہو رہی ہے، ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان نے ایران پر لگی بے جا پابندیوں کے باوجود برادرانہ تعلقات برقرار رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان کا دورہ کس وجہ سے ملتوی ہوا ہے، ایران کو اس سے آگاہ کر دیا گیا ہے، ایرانی ترجمان نے کہا کہ ایران اور پاکستان خطے کے اہم ممالک ہیں، رامین مہمان پرست نے بتایا کہ ایران مارچ 2013ء تک گیس پائپ لانے منصوبے کا اپنا کام مکمل کرلے گا اور مستقبل میں اس منصوبے کے حوالے سے آنے والی رکاوٹوں کو جلد دور کر دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ جلد ایران سے شکست خوردہ ہوکر واپس جائیگا۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق اسلامی جمہوری ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان رامین مہمان پرست نے ایران اور پاکستان کے درمیان تعاون میں فروغ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ میڈیا نیوز کے مطابق رامین مہمان پرست نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران کراچی میں سندھ کے وزیر تعلیم پیر مظہرالحق سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اس ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان میڈیا اور ثقافتی تعاون میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملک گہرے تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتوں کی وجہ سے ایک دوسرے کے پروگراموں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

سندھ کے وزیر تعلیم پیر مظہر الحق نے بھی اس ملاقات میں ایران اور پاکستان کے درمیان سیاحت کی صنعت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ دونوں ملک سیاحت کی صنعت کو فروغ دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اس صنعت کو فروغ دینے کے لیے دونوں ملکوں کو تعاون میں اضافہ کرنا چاہیے۔ اس ملاقات میں کراچی میں ایران کے خانہ فرہنگ کے حکام اور قونصلیٹ جنرل مہدی سبحانی بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پاکستان کا چھ روزہ دورہ کیا ہے۔ اس دورے میں ان کے ہمراہ صحافیوں کا ایک وفد بھی ہے۔ انہوں نے اسلام آباد، لاہور اور کراچی کا دورہ کیا ہے، جس کے دوران انہوں نے پاکستان کے صحافتی حلقوں سے بھی ملاقاتیں کی ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان میڈیا تعاون میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 219784

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/219784/امریکہ-جلد-ہی-ایران-سے-شکست-کھا-کر-واپس-چلا-جائیگا-رامین-مہمان-پرست

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org