0
Tuesday 11 Dec 2012 09:39

پنجاب یونیورسٹی میں تاریخ کی پہلی بین الاقوامی کیلی گرافی کانفرنس شروع ہو گئی

پنجاب یونیورسٹی میں تاریخ کی پہلی بین الاقوامی کیلی گرافی کانفرنس شروع ہو گئی
اسلام ٹائمز۔ پنجاب یونیورسٹی کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن اور پاکستان کیلیگرافرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام جامعہ کی تاریخ کی پہلی بین الاقوامی کیلی گرافی کانفرنس ”صریر خامہ : قلم کا فن “ کا آغاز ہو گیا ہے۔ جس کی افتتاحی تقریب پنجاب یونیورسٹی کے تاریخی سینیٹ ہال اولڈ کیمپس میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس کے مہمان خصوصی معروف صنعتکار سید بابر علی تھے۔ جبکہ پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران، کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر راحت نوید مسعود، ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ایران لاہور ڈاکٹر عباس فاموری، دنیا کے معروف کیلی گرافر اور بغداد یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر صلاح شہزاد، پاکستان کیلی گرافرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری عرفان قریشی، مختلف ممالک سے معروف ماہرین خطاط اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس کا نفرنس میں مشرق وسطی، ایران اور ترکی سے ماہرین خطاطی کے ساتھ ساتھ پاکستان کے ماہرین خطاطی شرکت کر رہے ہیں۔ 

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران نے ڈاکٹر راحت نوید کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں کے باعث ہی پنجاب یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی دفعہ کیلی گرافی پر بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیلی گرافی ہمارا روایتی فن ہے، مگر ہم اپنے اس ورثے سے غافل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کانفرنس کے انعقاد سے ہمیں اپنے اس ورثے کو محفوظ کرنے اور اس فن کے پھیلاو اور نشوونما میں مدد ملے گی۔ 

معروف صنعتکار سید بابر علی نے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد سے فن خطاطی کو فروغ ملے گا۔ کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر انہوں نے کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ کیلی گرافی میں نئی جہتیں متعارف کرانے والے بین الاقوامی کیلی گرافر پروفیسر ڈاکٹر صلاح شہزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہ انہیں امید ہے کہ کانفرنس کا انعقاد انتہائی مفید ثابت ہو گا اور کانفرنس کے شرکاء ایک دوسرے کے تجربات اور مشاہدات سے فائدہ اٹھائیں گے۔ 

پروفیسر ڈاکٹر راحت نوید مسعود نے کانفرنس کے انعقاد کے سلسلے میں مدد فراہم کرنے پر وائس چانسلر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد نے طلبا و طالبات کو سیکھنے کا ایک بہترین موقع فراہم کیا ہے۔ 

اس موقع پر پاکستان کیلی گرافرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری عرفان قریشی نے شرکاء کو کانفرنس کے شیڈول سے آگاہ کیا۔ بعدازاں مہمانوں، طلباء و طالبات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے فن خطاطی کے نادر فن پارے دیکھے اور ماہرین کی کارکردگی کو خوب داد دی۔
خبر کا کوڈ : 220096
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش