0
Wednesday 12 Dec 2012 10:32

اقتدار میں آکر کشمیریوں کیساتھ ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ کرینگے، نواز شریف

اقتدار میں آکر کشمیریوں کیساتھ ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ کرینگے، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت و بلتستان کو عدم توجہی کا شکار نہیں رہنے دیا جائیگا۔ آزاد جموں و کشمیر کو قومی دھارے میں شامل کرنے اور ان کے حق حکمرانی کے تحفظ کیلئے پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔ میاں محمد نواز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے منشور کمیٹی کے اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر کے صدر راجہ محمد فاروق خان کی تقریر میں اٹھائے گے نقاط کے جواب میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انھوں نے جن امور کی طرف توجہ دلائی ہے پاکستان مسلم لیگ (ن) اقتدار میں آکر مکمل طور پر تحفظ دیتے ہوئے ماضی میں کشمیری قوم کے ساتھ کی گئی زیادیتوں کا ازالہ کرے گی اور عوام ایک واضح فرق محسوس کریں گے۔ 

میاں نواز شریف نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں مسلم لیگ کا قیام کشمیریوں اور پاکستان کے درمیان کمزور ہوتے رشتوں کا مضبوط و مستحکم کرنے اور انھیں اپنی مرضی کی حکومت بنانے اور چلانے کا اختیار دینے کیلئے عمل میں لایا گیا تھا۔ مسلم لیگ (ن) کشمیر و گلگت بلتستان کے عوام کا معیار زندگی کو بلند کرنے، کرپشن کے خاتمے اور تعمیر و ترقی کیساتھ ساتھ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی۔ 

اس سے قبل راجہ فاروق خان نے منشور کمیٹی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ چاروں صوبوں کی طرح آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کو قومی دھارے میں شامل کرتے ہوئے یہاں کی عوام کے حق حکمرانی کے تحفظ اور خوشحالی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے تو وفاق مضبوط و مستحکم ہوگا۔ آزاد کشمیر میں کرپشن اور ایک مخصوص ٹولے کی مداخلت پر عوام شدید پریشان ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اگر آزاد جموں و کشمیر کے معاملات پر توجہ نہ دی گئی تو پھر آزاد جموں و کشمیر کے عوام کا خدا ہی حافظ ہے۔ منشور کمیٹی کے اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے راجہ فاروق خان اور بیرسٹر افتخار گیلانی اور گلگت بلتستان کی طرف سے حافظ حفیظ الرحمان نے شرکت کی اور منشور کے لیے اپنی تجاویز دیں۔
خبر کا کوڈ : 220461
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش