0
Thursday 13 Dec 2012 10:10

آزاد خطہ کو کھلے دل سے فنڈز دینگے، وزیراعظم پاکستان

آزاد خطہ کو کھلے دل سے فنڈز دینگے، وزیراعظم پاکستان
 اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت اس وقت تک جاری رکھے گا جب تک کہ مقبوضہ کشمیر آزاد نہیں ہو جاتا۔ انھوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیوں کو سراہا اور وہاں پر کشمیری عوام پر ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں کی بھرپور مذمت کی اور یقین دلایا کہ پاکستان پہلے کی طرح کشمیریوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے وزیراعظم ہائوس میں آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے رہنما بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ایک ملاقات میں کیا۔ 

ذرائع کے مطابق اس موقع پر دونون رہنمائوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنمائوں کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو دبایا نہیں جا سکتا ہے۔ راجہ پرویز اشرف نے بیرسٹر سلطان کو یہ بھی یقین دلایا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر کی تعمیرو ترقی میں گہری دلچسپی رکھتی ہے اور وہ کھلے دل سے فنڈز مہیا کرتے رہیں گے۔ کیونکہ آزاد کشمیر میں جتنی تعمیر و ترقی ہوگی اتنا ہی وہاں کے عوام کا معیار زندگی بہتر ہوگا۔ انھوں نے کشمیریوں کے جذبہ حب الوطنی کو سراہا اور کہا کہ کشمیری اور پاکستانی دو نہیں ایک ہیں۔ 

بیرسٹر سلطان محمود نے وزیراعظم پاکستان کو یقین دلایا کہ وہ بیرون ملک مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے پانی کوششیں جاری رکھیں گے۔ انھوں نے حکومت پاکستان اور بالخصوص صدر پاکستان کی طرف سے مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر جارحانہ انداز میں اٹھانے پر شکریہ ادا کیا اور انھیں یقین دلایا کہ جس طرح صدر زرداری اور انکی حکومت نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کی ہے اسی جذبے کے تحت کشمیری بھی پاکستان میں آنے والے انتخابات میں پیپلز پارٹی کی حمایت کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 220797
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش