QR CodeQR Code

23 دسمبر ملک میں حقیقی تبدیلی کی بنیاد ثابت ہو گا،منہاج القرآن ویمن لیگ

13 Dec 2012 18:21

اسلام ٹائمز:سیاست نہیں ریاست بچاؤ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ منشور کی سیاست کی بجائے وننگ ہارسز کے کلچر کو پروان چڑھا کر حقیقی جمہوریت کا گلا گھونٹ دیا گیا ہے ، انتخابات کی رسم کو ادا کرنے کا نام سیاست رہ گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر نوشابہ ضیاء نے کہا ہے کہ موجودہ کرپٹ اور استحصالی نظام انتخاب کے دن گنے جا چکے ہیں، کیونکہ عوام اسکی اہلیت سے آگاہ ہو چکے ہیں، 23 دسمبر کو موجودہ فرسودہ نظام انتخاب کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکی جائے گی، پاکستان کی سیاسی جماعتیں عوام کیلئے نہیں بلکہ عوام سے سیاست کر رہی ہیں پارلیمنٹ عوام کی خوشحالی اور ملکی استحکام کیلئے قانون سازی کرنے کی بجائے اراکین اسمبلی اور ایلیٹ کلاس کی مراعات بڑھانے میں مصروف ہے، قومی وقار اور ملکی مفادات کو ذاتی منفعت اور چند روزہ اقتدار پر قربان کرنے کی روش انتہا پر جا پہنچی ہے۔

مرکزی سیکرٹریٹ میں منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام ’’سیاست نہیں ریاست بچاؤ‘‘ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منشور کی سیاست کی بجائے وننگ ہارسز کے کلچر کو پروان چڑھا کر حقیقی جمہوریت کا گلا گھونٹ دیا گیا ہے اور انتخابات کی رسم کو ادا کرنے کا نام سیاست رہ گیا ہے، وطن عزیز کی سیاست پر قابض مقتدر جماعتیں قوم کو مسلسل بے وقوف بنانے اور غیرت و حمیت کا سودا کرنے میں مصروف ہیں، ان کی ترجیح قومی مفاد کو ذاتی مفادات پر قربان کرنا ہے اگر وہ اس کوشش کا عشرعشیر بھی ملک کو سنوارنے پر خرچ کرتے تو آج ہماری حالت اتنی دگرگوں نہ ہوتی۔

عائشہ شبیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ استحصالی اور ظالمانہ نظام انتخاب محب وطن، باکردار اور باصلاحیت قیادت کے آگے آنے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، یہ صرف معاشرے کی 2 فی صد ایلیٹ کو ہی اقتدار میں لاتا ہے۔ رافعہ علی نے کہا کہ عوام موجودہ نظام کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں کیونکہ اس سے جان چھڑائے بغیر ملک و قوم کی حالت کو سنوارنے کے سفر کا آغاز نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ 23 دسمبر کو پاکستان کے تمام صوبوں اور آزاد کشمیر سے لاکھوں خواتین مینار پاکستان کے سائے تلے ملکی حالات بدلنے کا عہد کریں گی اور 23 دسمبر ملک میں حقیقی تبدیلی کی بنیاد ثابت ہو گا۔


خبر کا کوڈ: 220959

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/220959/23-دسمبر-ملک-میں-حقیقی-تبدیلی-کی-بنیاد-ثابت-ہو-گا-منہاج-القرآن-ویمن-لیگ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org