0
Saturday 15 Dec 2012 19:08

کراچی منی پاکستان ہے، پورے ملک پر اس کے اثرات مرتب ہوتے ہیں، سجاد عباسی

کراچی منی پاکستان ہے، پورے ملک پر اس کے اثرات مرتب ہوتے ہیں، سجاد عباسی
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سجاد احمد عباسی، نائب امیر شمس الرحمن سواتی اور جنرل سیکرٹری راجہ محمدجواد نے کراچی میں انتخابی حلقوں اور ووٹرلسٹوں میں پائی جانے والی خرابیوں کو دورکرنے کے لیے سپریم کورٹ کے احکامات اور الیکشن کمیشن کی طرف سے عمل درآمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے جمہوریت کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔ ایک مشترکہ بیان میں جماعت اسلامی کے راہنماؤں نے کہا ہے کہ کراچی منی پاکستان ہے وہاں امن وامان کی صورت حال ہو یا معاشی سرگرمیاں پورے پاکستان پر اس کے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن کے عوامی مفاد میں کیے گئے فیصلوں کے دور رس اثرات مرتب ہوں گے اورجوقوتیں اس سلسلے میں رکاوٹیں ڈال رہی ہیں وہ بے نقاب ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صاف ستھرے، آزادنہ اور منصفانہ انتخابات ہی ہمارے مسائل کا حل ہیں۔ دھونس، دھاندلی اور طاقت سے عوام کی حقیقی رائے کو تبدیل کرنے کے دن اب گذر چکے ہیں۔ آزاد عدلیہ اور آزاد میڈیا کی موجودگی میں اب دھاندلی اور زورزبردستی کرنے والے کھسیانی بلی کی طرح کھمبا نوچ رہے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ آزادنہ اور منصفانہ انتخابات کے لیے ماحول فراہم کرے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو عوام تک رسائی اور اپنے منشور پہنچانے کا موقع مساوی طور پر ملنا چاہیے۔ عوام کا یہ جمہوری اور آئینی حق ہے کہ وہ جس جماعت کو چاہیں اپنے ووٹ کے ذریعے منتخب کر سکتے ہیں۔ جماعت اسلامی کے راہنماؤں نے کہا ہے کہ آخری فیصلہ عوام نے کرنا ہے کہ وہ کس جماعت کے منشور اور پروگرام کو پسند کرتے ہیں اور کس جماعت کو اقتدار کی بھاگ ڈور دینا چاہتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 221567
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش