0
Saturday 15 Dec 2012 22:32

پشاور ائیر پورٹ پر دہشتگردوں کا حملہ، 5 افراد جاں بحق، 5 حملہ آور ہلاک

پشاور ائیر پورٹ پر دہشتگردوں کا حملہ، 5 افراد جاں بحق، 5 حملہ آور ہلاک
اسلام ٹائمز۔ پشاور ائیر پورٹ پر دہشتگردوں نے راکٹوں اور بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہوگئے ہیں، جبکہ سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 5 دہشتگرد حملہ آور بھی مارے گئے، زخمی ہونے والے افراد اور نعشوں کو خیبر ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، ذرائع کے مطابق آج شب پشاور کے علاقے یونیورسٹی روڈ کے قریب دہشتگردوں نے ائیر پورٹ پر راکٹوں سے حملہ کر دیا، جس سے زور دار دھماکے ہوئے، اس دوران پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی، جس سے علاقہ گونج اٹھا۔ بم دھماکے اور راکٹ حملے کے بعد پولیس کی بھاری نفری، فائر بریگیڈ کا عملہ اور دیگر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ حملے کے بعد ائیر پورٹ پر ایمرجنسی نافذ کرکے فوج نے کنٹرول سنبھال لیا ہے اور ائیر پورٹ کی طرف آنے جانے والے تمام راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔

حملوں سے ائیر پورٹ لائونچ کے شیشے ٹوٹ گئے اور بیرونی دیوار بھی گر گئی جبکہ متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا، راکٹ باری اور فائرنگ سے لوگ اپنے گھروں میں قید ہو کر رہ گئے۔ ذرائع کے مطابق 3 راکٹ ائیر پورٹ کے اندر گرے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے، خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں 5 نعشیں اور 30 زخمیوں کو لایا گیا ہے۔ پشاور ائیر پورٹ پر حملے کے بعد تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، سینئر وزیر خیبر پختونخوا بشیر احمد بلور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا دہشتگرد اس قسم کے حملے کر کے نہ تو عوام کے حوصلے پست کر سکتے ہیں اور نہ ہی حکومت کے عزم میں کوئی کمی آسکتی ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق پشاور ایئر پورٹ پر راکٹوں سے حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوگئے، فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد مارے گئے، ایئر پورٹ کے باہر سے خودکش جیکٹس پہنے 2 دہشت گردوں کی لاشیں ملی ہیں جبکہ تیسری خود کش جیکٹ کو ناکارہ بنادیا گیا ہے۔ تمام دہشت گردوں کو ایئر پورٹ کی دیوار کے باہر فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کیا گیا، سیکیورٹی حکام کے مطابق دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی بھی ایئر پورٹ کی عمارت سے ٹکرائی، جس کے باعث شہریوں کی ہلاکتیں ہوئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا سلسلہ رک گیا ہے، جبکہ پشاور ایئر پورٹ کو سیل کردیا گیا ہے، فوج اور گارڈز کے الرٹ ہونے کے باعث دہشتگرد ایئر پورٹ میں داخل نہیں ہوسکے۔ 

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق دہشتگردوں نے گاوں آبدرہ کی جانب سے ایئر پورٹ پر حملہ کیا، حملے میں پاک فضائیہ کی تنصیبات اور اہلکاروں کو نقصان نہیں پہنچا، ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے پہلے بارود سے بھری گاڑی ایئر پورٹ کی دیوار سے ٹکرائی، جس کے بعد 5 راکٹ داغے گئے، 3 راکٹ ایئر پورٹ کی حدود کے اندر اور دو رہائشی علاقے میں گرے، جس کے بعد دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پشاور کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ اس کی آواز پورے شہر میں سنی گئی، زخمیوں کی زیادہ تعداد عام شہریوں کی ہے، کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں آپریشن تھیٹر منتقل کیا جارہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 221607
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش