QR CodeQR Code

بھارت کو پسندیدہ ملک کا درجہ دینا پاکستان کے بنیادی نظریئے کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے، حافظ سعید

15 Dec 2012 22:54

اسلام ٹائمز۔ پاکستان کو تجارتی منڈی بنانے کی سازش امریکی دباؤ پر کی جا رہی ہے، انکا کہنا تھا کہ دفاع پاکستان کونسل نے نیٹو سپلائی اور ڈرون حملوں پر بھی تحریک چلائی تھی اور اب بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کے خلاف بھی تحریک چلائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ دفاع پاکستان کونسل نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بھارتی مداخلت سمیت کشمیر اور پانی کا مسئلہ حل کیے بغیر بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینا پاکستان کے خلاف گھناونی سازش ہے۔ لاہور پریس کلب میں دفاع پاکستان کونسل کے زیراہتمام ہونے والے اجلاس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے، جماعت الدعوتہ کے امیر حافظ سعید نے کہا کہ بلوچستان میں مسلسل بھارتی مداخلت، کشمیر اور پانی کا مسئلہ حل ہوئے بغیر بھارت کے ساتھ تجارت اور اسے پسندیدہ ملک کا درجہ دینا پاکستان کے بنیادی نظریے کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی دباؤ کے تحت کشمیر کو کھٹائی میں ڈالا جارہا ہے، کل واہگہ بارڈر تک نکالے جانے والا مارچ اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ مذاکرات کے خلاف نہیں، امریکہ اور بھارت کے مسئلہ پر پوری قوم متحد ہے۔ 

اس موقع پر مولانا سمیع الحق، سید منور حسن، جنرل ر حمید گل، مولانا احمد لدھیانوی اور دیگر رہنما بھی ہمراہ ہونگے۔ مارچ کیلئے تین ہزار سے زائد رضاکار سکیورٹی دیں گے۔ حافظ سعید نے اپیل کی ہے کہ قوم 1965ء کا جذبہ لے کر گھروں سے نکلے اور مارچ میں بھرپور شرکت کر کے بھارت، امریکہ اور ان کے اتحادیوں کو پیغام دے کہ قوم بھارت کو ناپسند کرتی ہے ۔ پریس کلب لاہور میں دفاع پاکستان مارچ کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ سعید نے کہا کہ مرکزی و صوبائی حکومتیں عوام کی نمائندگی کرنے کے لیے مکمل ناکام ہو چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو تجارتی منڈی بنانے کی سازش امریکی دباؤ پر کی جا رہی ہے، انکا کہنا تھا کہ دفاع پاکستان کونسل نے نیٹو سپلائی اور ڈرون حملوں پر بھی تحریک چلائی تھی اور اب بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کے خلاف بھی تحریک چلائیں گے۔ حافظ سعید نے کہا کہ بین الاقوامی معاہدوں کے خلاف نہیں، تجارت ہونی چاہیے مگر بھارت کا معاملہ باقی قوموں سے مختلف ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے حالات پر 27دسمبر کو کراچی میں اجلاس طلب کیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 221628

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/221628/بھارت-کو-پسندیدہ-ملک-کا-درجہ-دینا-پاکستان-کے-بنیادی-نظریئے-نقصان-پہنچانے-مترادف-ہے-حافظ-سعید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org