QR CodeQR Code

ملت کو تقسیم کرنے کی سازش ناکام

کراچی کے مومنین نے ہمیشہ ملت جعفریہ کیلئے روڈ میپ دیا ہے، علامہ حسن ظفر نقوی

16 Dec 2012 02:16

اسلام ٹائمز: کفن پوش دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ترجمان نے کہا کہ آج ہماری ماؤں اور بہنوں نے سیرت زینب (س) پر عمل کیا اور اپنے شہیدوں کی یاد کو زندہ کرنے اور دشمن کو رسوا کرنے لئے میدان میں موجود ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان نے کہا ہے کہ کراچی کے مومنین نے ہمیشہ ملت جعفریہ پاکستان کے لئے روڈ میپ دیا ہے، ملت جعفریہ کی بیداری کے لئے کراچی کے مومنین ہمیشہ صف اول کا کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نمائش چورنگی پر منعقدہ کفن پوش دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ آج کراچی کے مومنین نے 36 گھنٹوں پر مشتمل دھرنا دے کر یہ ثابت کر دیا کہ دشمن چاہے کتنی سازشیں کرلے لیکن یہ ملت جعفریہ اپنے حقوق کی جنگ کے لئے ہر میدان عمل میں موجود ہے، آج یہاں ملت کی تمام تنظیمیں، ماتمی انجمنیں و دیگر ادارے ایک ساتھ ہیں۔ انہوں نے سکیورٹی اداروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اے ایجنسیوں آؤ اور نمائش چورنگی کے اس منظر کو دیکھو، آج اس ملت جعفریہ نے تمہارے اربوں ڈالر ضائع کر دیئے ہیں، تم نے جو اس ملت کو تقسیم کرنے کی سازش کی تھی وہ اس ملت نے آج اپنی بیداری اور اتحاد سے ناکام بنا دی ہے۔

علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ ملت جعفریہ سر بکف میدان میں موجود ہے، آج ہماری ماؤں اور بہنوں نے سیرت زینب (س) پر عمل کیا اور اپنے شہیدوں کی یاد کو زندہ کرنے اور دشمن کو رسوا کرنے لئے میدان میں موجود ہیں، آج اس ملت کے بزرگوں نے حبیب ابن مظاہر (ع) کی یاد تازہ کی ہے، آج ہمارا ہر جوان علی اکبر (ع) کی شبیہہ ہے کیونکہ آج ہم نے امام حسین (ع) کی آواز پر لبیک کہہ کر اپنے حسینی ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا دھرنا مطالبات کے حق تک جاری رہے گا اور انشاء اللہ خداوند متعال کی مدد اور امام زمانہ (عج) کی نصرت سے ہم کامیاب ہوں گے۔


خبر کا کوڈ: 221675

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/221675/کراچی-کے-مومنین-نے-ہمیشہ-ملت-جعفریہ-کیلئے-روڈ-میپ-دیا-ہے-علامہ-حسن-ظفر-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org