0
Sunday 16 Dec 2012 20:33

تمام محب وطن قوتیں ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے جدوجہد کریں، مجلس وحدت

تمام محب وطن قوتیں ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے جدوجہد کریں، مجلس وحدت
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین صوبہ پنجاب کے ضلعی عہدیداران کا اجلاس لاہور میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی کے زیرصدارت منعقد ہوا، جس میں پنجاب کے 37 اضلاع کے نمائندون نے شرکت کی۔ اجلاس صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہا، جس میں موجودہ ملکی صوتحال اور آئندہ انتخابات سمیت ملکی سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ تمام اضلاع نے اپنی سیاسی اور ملی حکمت عملی سے صوبائی کابینہ کو آگاہ کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے کہا کہ پاکستان کو درپیش داخلی اور خارجی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تمام محب وطن قوتوں کا اتحاد نہایت ضروری ہے۔
 اُنہوں نے کہا کہ دہشت گردی، کرپشن، لاقانونیت اور بے روزگاری ملکی استحکام کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام محب وطن قوتیں سر جوڑ کر بیٹھیں اور ملک کو ان بحرانوں سے نکالنے کیلئے جدوجہد کریں۔ علامہ امین شہیدی نے کراچی اور کوئٹہ میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کراچی اور کوئٹہ میں فوری طور پر فوجی آپریشن کیا جائے، تاکہ لوگوں کو تحفظ اور امن مہیا کیا جاسکے۔ 

اجلاس سے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقتصادی، معاشی، سیاسی سمیت دیگر بحرانوں سے دوچار ہے، ملک کی سلامتی خود مختاری کو خطرات لاحق ہیں، قوم مایوسی کا شکار ہے، ہر ایک کو چور لٹیرا سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حالات حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں، کرپشن، لوٹ مار امریکہ اور مالیاتی اداروں کی غلامی کا نتیجہ ہیں، جبکہ پاکستان وسائل سے مالا مال ہے، اللہ تعالٰی نے پاکستان کو ہر نعمت سے نوازا ہے مگر نااہل، بددیانت اور کرپٹ قیادت نے پاکستان کو اس حال میں پہنچایا ہے، کراچی میں خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے، جس میں پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، اے این پی برابر کی شریک ہیں، حکومت بھتہ خوری، ٹارگٹ کلرز اور دہشت گردوں کو پکڑنے کی بجائے اپنی حکومت بچانے کیلئے سرپرستی کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ناکام ریاست بنانے کیلئے غیر مستحکم کیا جا رہا ہے، بہاولپور اور جنوبی پنجاب کی عوام اپنے صوبوں کا مطالبہ کر رہی ہے، جو ان کا حق ہے مگر حکومت صرف پوائنٹ سکورنگ کے سوا کچھ نہیں کر رہی ہے۔ اجلاس میں صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی، علامہ مظہر کاظمی، علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ ابوذر مہدوی، علامہ اصغر عسکری، علامہ اظہر حسین کاظمی، ملک اقرار حسین، سید مہدی عابدی، مظاہر شگری اور دیگر نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 221901
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش