0
Monday 17 Dec 2012 23:36

بڑھتا ہوا امریکی اثر رسوخ پاکستان کی سلامتی کیلئے بڑا خطرہ ہے، پاکستان اکانومی واچ

بڑھتا ہوا امریکی اثر رسوخ پاکستان کی سلامتی کیلئے بڑا خطرہ ہے، پاکستان اکانومی واچ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ بڑھتا ہوا امریکی اثر و رسوخ پاکستان کی سلامتی کے لئے بڑا خطرہ بن گیا ہے۔ حکومت نے امریکی اشارہ پر ایران میں دونوں ممالک کے صدور کے مابین انتہائی اہم ملاقات اور اس دوران ہونے والا حتمی معاہدہ منسوخ کرکے غیر اعلانیہ طور پر ایران سے گیس درآمد کرنے کا منصوبہ ختم کردیا جس سے توانائی کے بحران کے حل اور پاکستان کے بہتر مستقبل کی تمام امیدیں دم توڑ گئی ہیں۔ قومی اہمیت کے اس اہم ترین معاملہ پر نہ تو حکومت نے کوئی وضاحت دی، نہ کوئی حکومتی رکن بولا نہ اپوزیشن بولی جو افسوسناک ہے۔

ڈاکٹر مرتضٰی مغل نے کہا کہ پاکستان کے تمام شعبوں کے رہنماؤں کو واشنگٹن سے کنٹرول کیا جانا تو عام تھا مگر اب تو اسلام آباد میں ٹیوب ویلوں اوربجلی میٹروں کی مرمت بھی امریکی کر رہے ہیں جو ہماری ذلت اور نااہلی کی انتہا ہے۔ امریکہ کی جانب سے تلافی کے طور پر دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے دو سو ملین ڈالر کی امداد کا اعلان اونٹ کے منہ میں زیرہ اور توانائی کے دیگر منصوبوں میں تعاون کی یقین دہانی مبہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے پائپ لائن کی تعمیر کے لئے پانچ سو ملین ڈالر کی امداد کی پیشکش ٹھکرانے سے ثابت ہوگیا ہے کہ حکومت ایک بار پھر ملکی مفادات اور قومی وقار کو فوقیت دینے اور انکی نگہبانی میں ناکام ہو گئی ہے۔ ایران سے گیس نہ لینے کی صورت میں بھی پاکستان کو ماہانہ دو سو ملین ڈالر ادا کرنا ہونگے جس کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔ پاکستان کو امریکی بھیک سے زیادہ گیس کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر مغل نے کہا کہ امریکی ایماء پر پاکستان میں توانائی کے بحران کی بنیاد بھی حکمران پارٹی کے سابقہ دور حکومت میں رکھی گئی تھی۔
خبر کا کوڈ : 222128
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش