0
Tuesday 18 Dec 2012 11:06

وزیراعظم آزاد کشمیر سے حریت وفد کی بند کمرے میں ملاقات

وزیراعظم آزاد کشمیر سے حریت وفد کی بند کمرے میں ملاقات
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید سے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کی قیادت میں مقبوضہ کشمیر سے آئے ہوئے وفد کی بند کمرے میں ملاقات ہوئی۔ آرپار کی قیادت کی اس ملاقات میں جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔ بند کمرے میں ہونے والے اس ملاقات میں کشمیر ایشو کو بین الاقوامی سطح پر مزید مئوثر طریقے سے اجاگر کرنے اور زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی حمایت حاصل کرنے کے لیے مئوثر حکمت عملی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

وزیراعظم آزاد کشمیر نے اپنی کرسی میر واعظ عمر فاروق کو پیش کی اور انھیں سارے جموں و کشمیر کے لیڈر کا خطاب دیا۔ وزیراعظم نے اس موقعہ پر کہا کہ آزاد کشمیر کا اقتدار آل پارٹیز حریت کانفرنس کی امانت ہے۔ تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ سے آل پارٹیز حریت کانفرنس کی چھتری تلے حق خودارادیت کی تحریک کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے وفد کو یقین دلایا کہ تحریک آزادی کشمیر کے بیس کمیپ سے کشمیریوں کے حق خودارادیت تک جدوجہد جاری رہے گی۔ 

میر واعظ عمر فاروق نے اس موقع پر زلزلہ کے بعد آزاد کشمیر میں ہونے والے ترقیاتی کاموں پر اطمینان و مسرت کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم کی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور مظفرآباد کے میڈیکل کالج کو تحریک آزادی کشمیر کے ممتاز رہنما میرواعظ مولوی محمد فاروق کے نام سے منسوب کرنے پر اہل کشمیر کی طرف سے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کا یہ قدم اہل کشمیرکی قربانیوں کا بھرپور اعتراف ہے۔ جس پر اہل کشمیر وزیراعظم آزاد کشمیر اور آزاد خطہ کے عوام کے شکرگزار ہیں۔ 

حریت وفد کے رہنما نے کہا کہ انھیں حکومت پاکستان نے دورے کی دعوت دی مگر انھوں نے اپنے دورے کا آغاز آزاد کشمیر سے کیا۔ آزاد کشمیر میں حکومت اور عوام نے جس اپنائیت کا اظہار کیا اس کے لیے حکومت آزاد کشمیر کے شکر گزار ہیں۔ میر واعظ نے کہا کہ وہ صدر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان سے ملاقات کے دوران آزاد کشمیرکے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مزید فنڈز کا کہیں گے۔ میرواعظ نے اس موقعہ پر وزیراعظم آزاد کشمیر کو کشمیری شال اور زعفران کا تحفہ دیا۔
خبر کا کوڈ : 222340
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش