0
Wednesday 19 Dec 2012 00:19

پیپلزپارٹی کا روٹی، کپڑا، مکان عام آدمی کو فراہم کرنے کا نعرہ ہوا میں ہی تحلیل ہوچکا ہے، لیاقت بلوچ

پیپلزپارٹی کا روٹی، کپڑا، مکان عام آدمی کو فراہم کرنے کا نعرہ ہوا میں ہی تحلیل ہوچکا ہے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کا اسلامی، عوامی، انقلابی منشور ملک سے مہنگائی کا خاتمہ اور غریب اور متوسط طبقے کی خوشحالی کا ضامن ہے۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر جی ایس ٹی کا مکمل خاتمہ، عوام پر بالواسطہ ٹیکسوں کا بوجھ کم سے کم کردے گی۔ آٹا، گھی، چاول، دالیں، چینی و چائے کی قیمتوں میں 20 فیصد کمی جبکہ بجلی اورگیس کے بلوں میں شامل تمام ٹیکس کا خاتمہ اور بجلی، گیس کو 30فیصد سستا کردے گی۔ اس وقت عام آدمی کا سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی ہے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل و اُمیدوار قومی اسمبلی حلقہ 149لیاقت بلوچ نے ملتان میں ضلعی شوری کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
 
لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے اراکین پارلیمنٹ، تمام اسٹیک ہولڈرز کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیشن تشکیل دیا جائے گا جبکہ پٹرولیم مصنوعات پر ناروا ٹیکسوں، ناجائز منافع کے خاتمے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو عام آدمی کی دسترس میں رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی حکومت مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافے کا مستقل قانون بنائے گی اور اشیاء خورونوش کی قیمتوں کے تعین اور نگرانی کے لیے عدلیہ و انتظامیہ کے نیک نام سابق افسران، علمائ، وکلائ، صحافیوں اور صارفین کے نمائندوں پر مشتمل ہر سطح پر پرائس کنٹرول کونسلیں قائم کی جائیں گی۔ 

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا روٹی، کپڑا، مکان عام آدمی کو فراہم کرنے کا نعرہ ہوا میں ہی تحلیل ہوچکا ہے۔ پیپلزپارٹی اور اس کے اتحادیوں کی حکومت نے عوام سے ان کے جینے کا حق تک چھین لیا ہے۔ فیکٹریاں، کارخانے گیس کی بندش سے بندپڑے ہیں۔ لاکھوں محنت کش بے روزگار ہوچکے ہیں۔ ان کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آچکی ہے لیکن ان بے حس حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔ انہوں نے کہا کہ عوام آئندہ انتخابات میں کرپٹ، مفادپرست، قومی وسائل کی لوٹ کھسوٹ، ملکی داخلہ و خارجہ، معاشی محاذ پر ناقابل تلافی نقصان پہنچانے والے موجودہ کرپٹ حکمران ٹولے کو مسترد کردیں۔
خبر کا کوڈ : 222616
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش