QR CodeQR Code

شام کے مستقبل کے بارے میں فیصلہ شامی عوام کا حق

19 Dec 2012 01:07

اسلام ٹائمز: تہران میں پریس کانفرنس سے خطاب میں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ شامی عوام کی رائے جاننے کیلئے وہاں امن قائم اور پھر آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ہوں۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان رامین مہمان پرست نے کہا ہے کہ شام کے مستقبل کے بارے میں صرف شامی عوام ہی فیصلہ کرنے کا حق رکھتے ہیں۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے تہران میں اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں خبر نگاروں سے گفتگو کے دوران شام کے بحران کے پرامن حل کے لئے چھ نکاتی منصوبے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ یہ منصوبہ شام میں امن کے قیام اور شامی عوام کے مطالبات کی تکمیل کا مناسب، بہترین اور پرامن ترین طریقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شامی عوام کے مطالبات سے آگاہی کے لئے وہاں امن قائم ہو، منصفانہ اور آزادانہ انتخابات ہوں اور امن کے قیام کے لئے لڑائی اور بعض علاقائی اور مغربی ممالک کی طرف سے مخالفین کے لئے ہتھیاروں کی سپلائی بند ہونی چاہئے۔ 

مہمان پرست نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران کے چھ نکاتی منصوبے میں کوئی بھی بات مبہم نہیں ہے، کہا کہ اسلامی جمہوری ایران شام کے بارے میں علاقائی اور غیر علاقائی ممالک کے ساتھ صلاح و مشورہ کر رہا ہے اور ایران نے شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے لخدار  ابراہیمی سمیت شام کے بحران کے حل کے سلسلے میں کردار کے حامل ممالک اور شخصیات کو اپنا یہ منصوبہ پیش کیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ترکی سمیت دیگر ممالک کے منصوبوں کے بارے میں کہا کہ تمام علاقائی اور غیر علاقائی ممالک کو اور ان لوگوں کو جن کا کردار مؤثر ہوسکتا ہے، شام میں لڑائی رکوانے اور قومی مذاکرات کا راستہ ہموار کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔


خبر کا کوڈ: 222634

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/222634/شام-کے-مستقبل-بارے-میں-فیصلہ-شامی-عوام-کا-حق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org