0
Wednesday 19 Dec 2012 12:30

کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے، صدر پاکستان

کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے، صدر پاکستان
اسلام ٹائمز۔ پولیو مہم کی خواتین ورکرز کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری نے حکومت سندھ کو ہدایت کی ہے کہ کراچی میں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ کاروائیوں کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرتے ہوئے دہشتگردوں کا قلع قمع کیا جائے، پولیو ٹیموں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار صدر مملکت آصف علی زرداری نے کراچی میں گزشتہ روز گورنر ہاﺅس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ باخبر ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں کراچی مختلف علاقوں میں پولیو مہم کی خواتین ورکرز کی ہلاکت سمیت سندھ کی مجموعی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ نے صدر مملکت کو کراچی میں قیام امن کے لئے کئے جانے والے اقدامات، کراچی میں سی سی ٹی وی کیمروں کے نظام اور دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری ٹارگیٹد آپریشن کے حوالے سے آگاہ کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے ہدایت کی ہے کہ پولیو کے حوالے سے تمام ٹیموں کو سیکیورٹی فراہم کی جائے اور اس مہم کو کامیاب بنانے کے لئے ایکشن پلان ترتیب دیا جائے اور ان واقعات میں ملوث عناصر کو گرفتار کیا جائے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کی مہم کو کامیاب بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں جبکہ حملوں کے واقعات میں زخمی ہونے والوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔ صدر نے کہا کہ کراچی میں قیام امن حکومت کی اولین ترجیح ہے، کراچی ملک کا معاشی حب ہے، کراچی میں امن خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ صدر نے کہا کہ کراچی میں دہشتگردوں کے خلاف کاروائی کے لئے موثر حکمت عملی مرتب کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کراچی میں امن قائم کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، کراچی میں قیام امن کے لئے سیاسی قوتوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 222685
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش