0
Thursday 20 Dec 2012 19:45

پاک ایران تعلقات میں مزید بہتری کیلئے عوام کو قریب لانا ہوگا، حلیم عادل شیخ

پاک ایران تعلقات میں مزید بہتری کیلئے عوام کو قریب لانا ہوگا، حلیم عادل شیخ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر و مسلم لیگ کے صوبائی جنرل سیکرٹری حلیم عادل شیخ نے کہا کہ تجارتی وفود کے تبادلے کسی بھی ملک کی تجارت کو وسعت دینے کے لیے بنیادی کردار ادا کرتے ہیں اس سے نہ صرف حکومتوں بلکہ صنعت کاروں میں بھی تعاون بڑھتا ہے جس میں اقتصادی تعلقات خصوصاً تجارت کو وسیع کرنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ ریلیف کے کیمپ آفس میں ایران کے قونصل جنرل مہدی سبحانی اور اکنامک اور کمرشل کونسلر ستار سلطان سبحانی سے ملاقات کے دوران کیا۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات میں بہتری کے لیے ایک دوسرے کی عوام کو قریب لانا ہوگا، پاکستان اور ایران مذہبی رواداری اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تاریخی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی ترقی کے لیے پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی وفود کے تبادلے بہت ضروری ہیں جس کے لیے دونوں ممالک کی تاجر برادری اپنا کردار ادا کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران سے تعلقات بہت قدیم ہیں ہم کہہ سکتے ہیں کہ ایران وہ واحد ملک ہے جس نے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے دوست اور دشمنوں کو بہت اچھی طرح سے جانتا ہے ایران کی دوستی پر کوئی شک نہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان بھی اس نقطہ نظر پر توجہ دے تاکہ وہ جلد سے جلد اپنے مسائل سے نکل کر ایک بہترین مبصر و فلاحی ریاست کے مقام تک پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ایران پاکستان کو توانائی کے حصول میں خود کفیل دیکھنا چاہتا ہے۔

ایران کے قونصل جنرل مہدی سبحانی نے اس موقع پر کہا کہ مغربی ممالک ہی نہیں بلکہ کچھ مسلم ممالک بھی ایسے ہیں جو ایران اور پاکستان کے مضبوط اور مثالی تعلقات سے نالاں ہیں، ہماری خواہش ہے کہ توانائی کے حصول کے لیے پاکستان اپنے منصوبوں میں تیزی لائے تاکہ ایران نے بجلی اور گیس کے لیے جو وعدہ کیا ہے اس پر جلد سے جلد کام مکمل ہوسکے۔ مہدی سبحانی نے کہا کہ دونوں ممالک کے سربراہان ٹیکسٹائل سمیت دیگر اہم شعبوں میں بہتری کے لیے مزید اقدامات کریں تاکہ تجارت کو فروغ حاصل ہو، اس سے دونوں ممالک کی عوام اور تاجر و صنعتکار برادری کو ایک دوسرے کو سمجھنے کا موقع مل سکے گا۔ انہوں نے صوبائی مشیر کو ایران کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کی مہمان نوازی کے دل سے قائل ہیں۔ حلیم عادل شیخ کے دورہ ایران دونوں ممالک کے عوام میں خیر سگالی کا ایک اچھا پیغام ثابت ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 222694
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش