QR CodeQR Code

کراچی ایئرپورٹ پر حملوں سے بچنے کیلئے سیکیورٹی انتظامات سخت، خندقیں کھود دی گئیں

19 Dec 2012 11:41

اسلام ٹائمز: سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ایئرپورٹس کے اطراف آبادیوں میں رہائش پذیر خاندانوں کا ریکارڈ مرتب کیا جا رہا ہے، پولیس کے گشت میں اضافہ اور رینجرز کی چوکیاں قائم کردی گئی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ کراچی ایئرپورٹ پر دہشت گردوں کے حملوں سے بچنے کیلئے سیکیورٹی انتظامات انتہائی سخت کر دیئے گئے ہیں۔ ایئرپورٹس کے رن وے اور ایپرن کے اطراف قائم حدود پر ممکنہ دہشت گرد حملوں کو روکنے کے لئے خندقیں کھود دی گئی ہیں اور ایئرپورٹس کے اطراف آبادیوں میں رہائش پذیر خاندانوں کا ریکارڈ مرتب کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت ملک کے تقریباً تمام ایئرپورٹس پر نئے حفاظتی اقدامات کے تحت نشانہ باز اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا ہے اور پولیس کے گشت میں اضافہ اور رینجرز کی چوکیاں قائم کردی گئی ہیں۔ پشاور ایئرپورٹ پر دہشت گرد حملے کے بعد ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے تمام کمرشل ایئرپورٹس پر حفاظتی انتظامات کو دوبارہ سے ترتیب دیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ٹرمینل بلڈنگ کے ساتھ ساتھ حفاظتی اقدامات کو ہوائی اڈوں کے اطراف تک پھیلا دیا گیا ہے جبکہ ایئرپورٹ کے اطراف جانے والوں کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ ایئرپورٹ پارکنگ ایریا اور ڈیپارچر لاونج کی طرف جانے والے پل پر داخلے کے وقت گاڑیوں اور ان میں سوار تمام افراد کی سخت تلاشی لی جا رہی ہے۔ اے ایس ایف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اطراف سیکیورٹی کیلئے پولیس اور رینجرز سمیت قانون نافذ کرنے والے ادارے دیگر اداروں سے بھی مدد لی گئی ہے۔ رینجرز نے مستقل چوکیاں قائم کرلی ہیں جبکہ پولیس گشت کر رہی ہے۔ پولیس اور خفیہ ادارے ایئرپورٹ سے ملحقہ آبادیوں میں آنے جانے والوں کی تلاشی اور کرایہ داروں کے بارے میں بھی معلومات لے رہے ہیں۔

اے ایس ایف ذرائع کے مطابق کسی بھی ممکنہ دہشت گرد حملے کو روکنے کیلئے رن وے کے اطراف حفاظتی ناکہ بنا دیا گیا ہے جبکہ خصوصی ہتھیاروں سے لیس چاق و چوبند دستے بھی تعینات ہیں جبکہ نشانہ باز اہلکار بھی متعین ہیں جنہیں مشکوک افراد کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت ملک کے دیگر ایئرپورٹس کے اطراف کثیرالمنزلہ عمارتوں پر بھی رینجرز و پولیس کی چوکیاں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ متعلقہ پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایئرپورٹ کے اطراف اپنا سرویلنس نیٹ ورک مزید مستحکم کرتے ہوئے علاقے میں مشکوک افراد کی نقل و حرکت پر نظر رکھیں۔

ایئرپورٹ سیکیورٹی فورسز کے ڈائریکٹر انٹیلی جنس کا کہنا ہے کہ ملکی ایئر لائن نے حفاظتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ادھر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان نے مسافروں کے استقبال یا الوداع کہنے پر ایئرپورٹ آنے والے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کم تعداد میں ایئرپورٹ آئیں تاکہ وہاں ہونے والی سخت تلاشی کے سبب تاخیر سے بچا سکے۔


خبر کا کوڈ: 222712

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/222712/کراچی-ایئرپورٹ-پر-حملوں-سے-بچنے-کیلئے-سیکیورٹی-انتظامات-سخت-خندقیں-کھود-دی-گئیں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org