0
Wednesday 19 Dec 2012 23:57

الطاف حسین کی ڈاکٹر طاہر القادری سے فون پر گفتگو، 23 دسمبر کے جلسہ کی حمایت کا اعلان

الطاف حسین کی ڈاکٹر طاہر القادری سے فون پر گفتگو، 23 دسمبر کے جلسہ کی حمایت کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ اور پروفیسر ڈاکٹر طاہر القادری کی وطن واپسی کا زبردست خیر مقدم کرتے ہوئے اتوار 23 دسمبر کو لاہور میں مینار پاکستان پر ہونے والے پاکستان عوامی تحریک کے جلسہ عام کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے اور عوام سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ بھرپور تعداد میں شرکت کرکے اس جلسہ عام کو کامیاب بنائیں۔ انہوں نے یہ بات پاکستان عوامی تحریک کے چیئرمین اور تحریک منہاج القرآن کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر طاہر القادری سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ الطاف حسین نے ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام کے خاتمہ اور حقیقی تبدیلی کیلئے ڈاکٹر طاہر القادری کے انقلابی پروگرام کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو فرسودہ جاگیردارانہ نظام سے نجات دلانے، ملک میں غریب و متوسط طبقہ کا انقلاب برپا کرنے اور انصاف کا نظام قائم کرنے کیلئے ڈاکٹر طاہر القادری عملی جدوجہد کریں گے تو اس عظیم مقصد کیلئے انہیں میری مکمل حمایت حاصل ہوگی اور میں ان کا دست و بازو بننے کیلئے تیار ہوں۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے ان کی بھرپور حمایت پر الطاف حسین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کو بچانے اور ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام کے خاتمہ کیلئے ایم کیو ایم اور پاکستان عوامی تحریک کے پروگرام میں کوئی فرق نہیں، ہم میں یہ قدر مشترک ہے کہ ہم سیلف میڈ لوگ ہیں، جاگیردارانہ نظام کا خاتمہ کرکے غریب و متوسط طبقہ کو آگے لانا چاہتے ہیں اور ملک کے نظام میں حقیقی تبدیلی چاہتے ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ انشاءاللہ اتوار 23 دسمبر کو لاہور میں ہونے والا پاکستان عوامی تحریک کا جلسہ عام تاریخی ہوگا جو پنجاب کے جلسوں کے ریکارڈ توڑ دے گا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے الطاف حسین سے گفتگو کے دوران ایم کیو ایم کے رہنماؤں کو پاکستان عوامی تحریک کے جلسہ عام میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ الطاف حسین نے ڈاکٹر طاہر القادری کو 23 دسمبر کے جلسہ عام کے سلسلے میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ ایم کیو ایم کے رہنماؤں کا وفد بھی اس جلسہ عام میں شرکت کرے گا۔ الطاف حسین نے عوام سے بھی پرزور اپیل کی کہ وہ 23 دسمبر کو لاہور میں مینار پاکستان پر ہونے والے جلسہ عام میں بھرپور تعداد میں شرکت کرکے اس جلسہ عام کو کامیاب بنائیں۔
خبر کا کوڈ : 222937
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش