0
Tuesday 31 Mar 2009 10:15

لاہور اور ممبئی حملوں میں مماثلت نہیں،پاکستان دہشتگردی کا ڈھانچہ ختم کری،بھارت

لاہور اور ممبئی حملوں میں مماثلت نہیں،پاکستان دہشتگردی کا ڈھانچہ ختم کری،بھارت
 نئی دہلی (آن لائن) بھارت نے لاہور میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اسلام آباد ملک کے اندر دہشتگردی کا ڈھانچہ ختم کرے۔ بھارتی وزیر داخلہ پی چدم برم نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اس لمحے میں پاکستانی عوام کے دکھ میں برابر کا شریک ہے اور وہ پاکستانی عوام کے ساتھ ہے تاہم انہوں نے کہا کہ حالیہ لاہور اور ممبئی حملے میں کوئی مماثلت نہیں کیونکہ ممبئی حملے میں پاکستان کے شہری ملوث تھے ۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ جیش محمد اور طالبان کی پاکستان میں موجودگی کے باعث ہم نہیں کہہ سکتے کہ لاہور حملے میں کون ملوث ہے۔مزید برآں نئی دہلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ شیوشنکر مینن نے کہا ہے کہ پاکستان جب تک ممبئی حملوں کے ملزموں کے خلاف کارروائی نہیں کرتا اس وقت تک جامع مذاکرات شروع نہیں کئے جاسکتے ۔بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق دونوں ممالک کے مابین تیسرے ملک کی مصالحت کے سوال پر مینن نے کہا کہ مذاکرات کے صحیح نتائج اسی صورت حاصل ہو سکتے ہیں جب کسی کی مصالحت کے بغیر دونوں ملک مذاکرات کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سے جامع مذاکرات کا عمل اس وقت تک شروع نہیں کیا جائے گا جب تک ہم اسلام آباد کی طرف سے ممبئی حملوں میں ملوث ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے اور دہشت گردی کا ڈھانچہ ختم کرنے کے سلسلے میں واضح اقدامات کا مشاہدہ نہیں کرلیتے۔ ادھر بھارتی فوج نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کی جانب سے بھارت کو درپیش کسی بھی دہشتگردانہ خطرے سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔ بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق آرمی وائس چیف لیفٹیننٹ جنرل نوبیل تھامبوراج نے لاہور میں پولیس سینٹر پر دہشتگردانہ حملے پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر سرحد پار سے ہمارے ملک میں کسی بھی دہشتگردانہ حملے کی کوشش کی گئی تو ہماری مسلح افواج اس کا بھرپور سامنا کرنے کے لیے بالکل تیار ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے سے درپیش کسی بھی دہشتگردانہ خطرے سے نمٹنے کیلئے ہماری فوج ہر وقت چوکس رہتی ہے ۔ دریں اثناء وزیرمملکت برائے خارجہ امور آنند شرما نے کہا ہے کہ لاہور حملہ ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی کا ڈھانچہ بڑھ رہا ہے لہٰذا اسلام آباد کو اپنی سرزمین سے دہشتگردی کے ڈھانچے کا خاتمہ کر دینا چاہیے جو کہ خود پاکستان سمیت کئی ممالک کے لیے خطرہ ہے۔

خبر کا کوڈ : 2231
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش