QR CodeQR Code

ملا برادر کی گرفتاری کے منفی یا مثبت اثرات جاننے کی کوشش کر رہے ہیں،پاکستان پر بے اعتمادی ختم ہونے میں وقت لگے گا،سی آئی اے

21 Mar 2010 11:30

اسلام ٹائمز:سی آئی اے کے سربراہ لیون پنیٹا نے کہا ہے کہ پاکستان کے بارے میں تحفظات اور بے اعتمادی اب بھی موجود ہے اور اسے ختم ہونے میں کچھ عرصہ درکار ہے


واشنگٹن:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے رپورٹر سمیع ابراہیم کے مطابق امریکی سی آئی اے کے سربراہ لیون پنیٹا نے کہا ہے کہ ملا برادر سمیت طالبان رہنماؤں کی گرفتاریوں کے طالبان کے ساتھ جاری مفاہمتی عمل پر اثرات مرتب ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستانی سفارتخانے میں پاکستان بحریہ کے چیف ایڈمرل نعمان بشیر کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ تقریب میں شرکت کے موقع پر جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔طالبان رہنماؤں کی گرفتاری کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں لیون پنیٹا نے کہا کہ گرفتاریاں یقینا اثر انداز ہونگی،جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا یہ اثر منفی ہو سکتا ہے یا مثبت۔تو انہوں نے کہا کہ ہم یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔امریکا اور پاکستانی سیکیورٹی فورسز کے آپس میں تعلقات پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں کے درمیان موجودہ تعلقات بہت اچھے ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران پاکستانی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی اس تحسین کے باوجود امریکی اخبارات میں وقتاً فوقتاً امریکی نامعلوم ذرائع کے حوالے سے جن تحفظات کا اظہار کیا جاتا ہے اور جسے پاکستان میں امریکی حکام کی پاکستان پر بے اعتمادی خیال کیا جاتا ہے تو انہوں نے کہا کہ جی ہاں کچھ بے اعتمادی اب بھی موجود ہے اور اسے ختم ہونے میں کچھ عرصہ درکار ہے۔


خبر کا کوڈ: 22321

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/22321/ملا-برادر-کی-گرفتاری-کے-منفی-یا-مثبت-اثرات-جاننے-کوشش-کر-رہے-ہیں-پاکستان-پر-بے-اعتمادی-ختم-ہونے-میں-وقت-لگے-گا-سی-آئی-اے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org