QR CodeQR Code

دینی مدارس کے خلاف مغرب اور مغرب نواز حکمران سرگرم ہوچکے ہیں، عزیر لطیف

20 Dec 2012 23:34

اسلام ٹائمز: جماعت اسلامی پنجاب کے نائب امیر نے ملتان میں جمعیت طلبہ عربیہ جنوبی پنجاب کے زیراہتمام تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ملک میں اسلامی افکار پھیلانے کی بجائے ملک کو فحاشی وعریانی کے دریا میں ڈبو دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی انسانوں کے افکار کو اسلام کے مطابق ڈھال کر اسلامی انقلاب لانا چاہتی ہے۔ خوف خدا رکھنے والی انسان ہی لوگوں کے رہبر و رہنما ہونے چاہئیں۔ مدار س کے طلباء اُمت کے معمار اور پاکستان کی حقیقی قیادت مدارس اسلامیہ مینار عظیم ہیں۔ جس سے دین کے پیاسے دینی علم سے سیراب ہوتے ہیں۔ مدارس کے خلاف مغرب اور مغرب نواز حکمران سرگرم ہوچکے ہیں۔ اُمت مسلمہ کو ان کے تحفظ کیلئے یکجان ہونا پڑے گا۔ دین دار اور صالح لوگ حقیقی تبدیلی لیکر آئیں گے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی پنجاب کے نائب امیر چوہدری عزیرلطیف نے جمعیت طلبہ عربیہ جنوبی پنجاب کے زیراہتمام تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے ملک میں اسلامی افکار پھیلانے کی بجائے ملک کو فحاشی وعریانی کے دریا میں ڈبو دیا ہے۔ حکمران اخلاقیات سے عاری نظام ملک میں لانا چاہتے ہیں۔ دین اور اسلام سے محبت رکھنے والے لوگ سیکولر لوگوں کے آگے دیوار بن جائیں۔ 

جماعت اسلامی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل رائو ظفر اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی حالات انتہائی ابتر ہو چکے ہیں۔ لادین قوتیں مسلمانوں پر مسلط ہیں۔ اتحاد و اتفاق سے ان کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ بلو چستان اور کراچی میں روزانہ سینکڑوں لاشیں گرتی ہیں لیکن قاتلوں کی کوئی گرفتاری نہیں ہوتی۔ ایم کیو ایم نے کراچی کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ جمعیت طلبہ عربیہ عوام میں کرپشن کے خلاف شعور پیدا کرنے کیلئے بہترین کردار ادا کررہی ہے۔ صدر الخدمت فائونڈیشن ملتان ڈاکٹر صفدر اقبال ہاشمی نے کہا کہ اتحاد واتفاق پیدا کرکے اُمت کو متحد کیا جاسکتا ہے تفرقہ و لڑائی جھگڑے علم کی راہیں بند کرتا ہے۔ جماعت اسلامی و جمعیت طلبہ عربیہ قرآن وسنت کے مطابق اُمت کو متحد کرنے کیلئے سرگرم عمل ہے۔ اس موقع پر کنور محمد صدیق، صہیب عمار صدیقی، مولانا یعقوب گوندل، ڈاکٹر خالد رشید، صہیب امین، خالد ابراہیم اور ذیشان شبیر نے شرکاء سے خطاب کیا۔


خبر کا کوڈ: 223282

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/223282/دینی-مدارس-کے-خلاف-مغرب-اور-نواز-حکمران-سرگرم-ہوچکے-ہیں-عزیر-لطیف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org