QR CodeQR Code

پائیدار امن کے لئے کشمیر کے مسئلے کا حل ضروری ہے، صدر زرداری

20 Dec 2012 23:39

اسلام ٹائمز: میر واعظ عمر فاروق سے ملاقات میں صدر مملکت نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے، پاکستان کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔


اسلام ٹائمز۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ خطے میں پائیدار امن کے لئے کشمیر کے مسئلے کا حل ضروری ہے۔ پاکستان ہر فورم پر کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ وہ صدارتی کیمپ آفس بلاول ہاؤس میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے وفد کی قیادت میر واعظ عمر فاروق نے کی۔ وفد میں مولانا شبیر انصاری، پروفیسر عبدالغنی بٹ، بلال غنی لون، آغا سید حسن الموسوی، مختار احمد واگا اور مصدق عادل شامل تھے جبکہ ملاقات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر برائے امور کشمیر میاں منظور وٹو، وزیر مملکت برائے خارجہ اور سیکریٹری خارجہ بھی موجود تھے۔

ملاقات میں پاک بھارت تعلقات، مسئلہ کشمیر اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے جائز حقوق کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔ صدر نے کہا کہ پاکستان تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے اور خطے میں پائیدار امن کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔


خبر کا کوڈ: 223285

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/223285/پائیدار-امن-کے-لئے-کشمیر-مسئلے-کا-حل-ضروری-ہے-صدر-زرداری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org