QR CodeQR Code

لیاری میں 10 کلو وزنی بم برآمد، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے کارروائی کرکے ناکارہ بنا دیا

21 Dec 2012 13:40

اسلام ٹائمز: بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق بلاک میں نصب دیسی ساختہ بم ریمورٹ کنٹرول تھا جسے سرکٹ اور ڈیٹونیٹر سے منسلک کیا گیا تھا جبکہ بلاک میں نٹ بولٹ بھی بھاری مقدار میں استعمال کیے گئے تھے۔


اسلام ٹائمز۔ کراچی کے علاقے لیاری میں چیل چوک کے مقام سے دس کلو وزنی بم برآمد کرکے ناکارہ بنا دیا گیا جبکہ گارڈن کے علاقے میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، اُدھر ویسٹ پولیس نے مختلف کارروائیوں میں گیارہ جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق چیل چوک لیاری کے قریب سیمنٹ کے بلاک میں نصب دس کلو گرام وزنی بم برآمد کرکے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بناتے ہوئے کراچی کو تباہی سے بچا لیا ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دیسی ساختہ بم ریمورٹ کنٹرول تھا جسے سرکٹ اور ڈیٹونیٹر سے منسلک کیا گیا تھا جبکہ بلاک میں نصب دھماکہ خیز مواد کے ساتھ نٹ بولٹ بھی بھاری مقدار میں استعمال کیے گئے۔ اُدھرگارڈن میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ گزشتہ روز فائرنگ سے زخمی ہونے والا سی آئی ڈی اہلکار دوران علاج دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق گارڈن کے علاقے میں واقع اقبال مارکیٹ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

گزشتہ روز فیریئر کے علاقے میں پی آئی ڈی سی فیریئر پولیس لائن کوارٹر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا سی آئی ڈی اہلکار نور الامین دوران علاج دم توڑ گیا۔ تھانہ جمشید کوارٹر کی حدود میں اسلامیہ کالج کے قریب مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار وسیم زخمی ہوا جسے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ویسٹ پولیس نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مختلف کارروائیوں میں 11 جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرلیا اور اُن کے قبضے سے ایک رائفل، ایک ریپیٹر، آٹھ پستول، متعدد گولیاں اور منشیات برآمد کرلی گئیں۔


خبر کا کوڈ: 223366

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/223366/لیاری-میں-10-کلو-وزنی-بم-برآمد-ڈسپوزل-اسکواڈ-نے-کارروائی-کرکے-ناکارہ-بنا-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org