QR CodeQR Code

حکومتی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کو نشان عبرت بنایا جائے گا، مہدی شاہ

22 Dec 2012 11:20

اسلام ٹائمز: ایک بیان میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ سیاسی مخالفین خودنمائی اور میڈیا کی زنیت بننے کیلئے حکومت پر تنقید برائے تنقید کرنے کے بجائے اپنے حلقوں میں عملی کردار ادا کریں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا ہے کہ حکومتی رٹ کو یقینی بنایا جائیگا اور ضابطہ اخلاق پر مکمل عملد آمد کروایا جائیگا۔ حکومتی رٹ کو چیلنج کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائیگی، گلگت شہر کا امن چند سرپسند خراب کرنا چاہتے ہیں جن کو نشان عبرت بنایا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کو جاری ایک بیان میں کیا۔ گلگت کے عوام ترقی چاہتے ہیں تو ایسے افراد کی نشاہدہی کریں جو نقص امن کا سبب بنتے ہیں جب بھی گلگت میں تعمیر و ترقی کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جاتے ہیں شرپسند امن و امان کی صورت حال خراب کرنے کیلئے مختلف حربے استعمال کرتے ہیں تاکہ تعمیر و ترقی کا پہیہ رک جائے، لہذا گلگت کے عوام اپنے اردگرد کے ماحول پر نظر رکھیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ گلگت کے منتخب سیاسی نمائندے بھی امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ ہم سب کو قیام امن کیلئے مفادات سے بالاتر ہوکر اپنا عملی اور فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیاسی مخالفین خودنمائی اور میڈیا کی زنیت بننے کیلئے حکومت پر تنقید برائے تنقید کرنے کے بجائے اپنے حلقوں میں عملی کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے صوبائی وزراء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ممبران پر اعتماد کا اظہار کرکے اسمبلی تک پہنچایا ہے، ممبران اسمبلی پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے اپنی تمام صلاحتیں بروئے کار لائیں۔


خبر کا کوڈ: 223508

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/223508/حکومتی-رٹ-کو-چیلنج-کرنے-والوں-نشان-عبرت-بنایا-جائے-گا-مہدی-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org