0
Saturday 22 Dec 2012 00:02

ملالہ کیلئے شور مچانے والے برمی مسلمانوں کی نسل کشی پر کیوں خاموش ہیں، اسد اللہ بھٹو

ملالہ کیلئے شور مچانے والے برمی مسلمانوں کی نسل کشی پر کیوں خاموش ہیں، اسد اللہ بھٹو
اسلام ٹائمز۔ برما میں مسلمانوں پر جاری انسانیت سوز مظالم اور نسل کشی کے خلاف ملی یکجہتی کونسل کی اپیل پر جمعہ کو ملک گیر یوم احتجاج منایا گیا۔ اس سلسلے میں جماعت اسلامی کراچی کے تحت دارالعلوم کورنگی پر احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرے سے صدر ملی یکجہتی کونسل سندھ اسداللہ بھٹو، نائب امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، امیر ضلع بن قاسم محمد اسلام، سابق ممبر سندھ اسمبلی یونس بارائی اور مقامی رہنما مرزا فرحان بیگ نے خطاب کیا۔ مظاہرین نے برمی مسلمانوں پر مظالم کے خلاف بھرپور نعرے بازی کرکے اپنے جوش و جذبے کا اظہار کیا۔ اسداللہ بھٹو نے اپنے خطاب میں کہا کہ برما کے مسلمان ریاستی دہشتگردی کا شکار ہیں، ہمیں امریکا سے زیادہ اپنے حکمرانوں سے شکایات ہیں کہ وہ امریکا کی غلامی کی وجہ سے مسلمانوں کے حق میں آواز بلند نہیں کررہے، ملالہ پر حملے پر تو سب پریشان ہیں، پیپلز پارٹی،ایم کیو ایم، اے این پی اس کے غم میں آٹھ آٹھ آنسو رو رہی ہے، صدر زرداری اس کی عیادت کرنے لندن بھی گئے مگر برما کی مظلوم مسلمان بچیوں اور عورتوں کے لئے کسی کی سینے میں کوئی درد نہیں اٹھ رہا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی برما، فلسطین، کشمیر، عراق اور اٖفغانستان کے مظلوم مسلمانوں کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کی خاتون اول نے برما جا کر یکجہتی کا اظہار کیا ہے مگر باقی تمام مسلم ممالک کے حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، مسلمان حکمران غیرت ایمانی کا ثبوت دیں اور مظلوم مسلمانوں کیلئے آواز بلند کریں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان اقوام متحدہ میں برما میں ہونے والے ظلم کے خلاف آواز بلند کرے اور تمام مسلمان ممالک برما کے مظلوم مسلمانوں کیلئے آگے آئیں اور برمی حکومت پر دباؤ ڈالیں کہ وہ مسلم دشمنی کا سلسلہ بند کرے۔ ریڈ کراس مظلوم مسلمانوں کیلئے امداد بھیجے اور برما کے سفیر کو طلب کرکے مسلمانوں کے خلاف ہونے والے ظلم پر احتجاج کیا جائے اور سفیر کو ملک بدر کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 223572
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش