1
0
Saturday 22 Dec 2012 00:31

ہم ملک میں خلافت راشدہ کا نظام قائم کرنا چاہتے ہیں، الطاف حسین کی طاہر القادری سے گفتگو

ہم ملک میں خلافت راشدہ کا نظام قائم کرنا چاہتے ہیں، الطاف حسین کی طاہر القادری سے گفتگو
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین اور تحریک منہاج القرآن کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر طاہر القادری کے درمیان ٹیلیفون پر تفصیلی گفتگو ہوئی اور اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ ملک سے گلے سڑے فرسودہ نظام کی تبدیلی، فرسودہ جاگیردارانہ وڈیرانہ نظام اور کرپشن کے خاتمہ کیلئے باہمی تعاون اور مشاورت جاری رہے گی۔ الطاف حسین نے وطن واپسی پر ڈاکٹر طاہر القادری کو مبارک باد پیش کی اور ان کیلئے نیک جذبات کا اظہار کیا۔ الطاف حسین نے کہا کہ ہم ملک میں خلافت راشدہ جیسا انصاف کا نظام قائم کرنا چاہتے ہیں جس میں کوئی قانون سے بالاتر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ خلیفہ راشد حضرت عمر فاروق کے دورخلافت میں جب ان کے بیٹے نے غیر شرعی عمل کیا تو قاضی نے انہیں 80 کوڑوں کی سزا تجویز کی، حضرت عمر نے حکم دیا کہ اس سزا پر فوری عملدرآمد کرایا جائے۔ جب 80 کوڑوں کے درمیان ہی بیٹے کا انتقال ہوگیا تو حضرت عمر نے حکم دیا کہ بقیہ کوڑے اس کی قبر پر لگائے جائیں۔ اسی طرح خلیفہ راشد حضرت علی (ع) نے بھی یہی فرمایا کہ حکومت کفر سے تو چل سکتی ہے ظلم و ناانصافی سے نہیں چل سکتی۔

الطاف حسین نے کہا کہ اگر ڈاکٹر طاہر القادری پاکستان میں انصاف کے ایسے نظام کے قیام اور فرسودہ نظام کے خاتمہ کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں تو میں اس جدوجہد میں ان کے ساتھ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں خود بھی ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام کا خاتمہ اور غریب و متوسط طبقہ کا انقلاب چاہتا ہوں، میں ملک کو لٹیروں سے نجات دلانا چاہتا ہوں اور پاکستان کو ایسی فلاحی ریاست بنانا چاہتا ہوں جہاں انصاف کا دور دورہ ہو، ظلم و ستم کا خاتمہ ہو اور غریب و متوسط طبقہ کو بھی برابر کے حقوق حاصل ہوں۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے الطاف حسین کے خیالات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک میں نظام کی تبدیلی کیلئے ہم دونوں کے خیالات ایک ہی ہیں، وقت آگیا ہے کہ ہم پاکستان کو 1947ء کی جدوجہد کی روح کے مطابق نئے سرے سے تشکیل دیں، ملک میں انصاف کا نظام قائم کریں اور ملک کی فلاح و بہبود کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کریں۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے بھرپور تعاون کی پیشکش پر الطاف حسین کا شکریہ ادا کیا اور ملک بھر کے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ بھی انصاف کے نظام کیلئے جدوجہد کرنا چاہیں وہ 23 دسمبر کے جلسہ عام میں شرکت کریں۔ الطاف حسین نے اپنے تمام چاہنے والوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اتوار 23 دسمبر کو لاہور میں ہونے والے جلسہ عام میں شرکت کرکے ملک سے پیار، محبت اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور انقلابی جدوجہد میں شامل ہوکر اسے تیز تر کریں۔
خبر کا کوڈ : 223582
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

Pakistan
اور بلی تھیلے باہر آگئی، اب الطاف حسین نے اپنے حقیقی نظریئے کا اظہار کردیا ہے۔
ہماری پیشکش