QR CodeQR Code

پشتخرہ اور متنی میں پولیس چوکیوں پر شدت پسندوں کے حملے، چوکی نذر آتش

22 Dec 2012 18:45

اسلام ٹائمز: فائرنگ کے وقت چوکی میں پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 30 اہلکار موجود تھے۔ فائرنگ ہوتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔


اسلام ٹائمز۔ پشاور کے نواحی علاقوں پشتہ خرہ اور متنی میں درجنوں مسلح شدت پسندوں نے خود کار ہتھیاروں سے پولیس چوکیوں پر حملہ کردیا۔ پولیس اور ایف سی نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں پر فائرنگ شروع کردی۔ آخری خبروں کے مطابق شدت پسندوں نے متنی میں ازاخیل پولیس چوکی کو نذر آتش کردیا جبکہ پشتہ خرہ میں ریاض شہید پولیس چوکی پر حملہ آور پسپا ہو گئے۔ تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ پولیس نے ریاض شہید چوکی پر حملہ آوروں کی گاڑی، جو وہ چھوڑ کر بھاگ گئے، قبضہ میں لے لی ہے، جبکہ متنی کے علاقہ ازاخیل میں رات گئے تک دونوں جانب سے فائرنگ جاری رہی۔ حملہ آوروں نے چوکی پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کردیا اور راکٹ فائر کئے۔ فائرنگ کے وقت چوکی میں پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 30 اہلکار موجود تھے۔ فائرنگ ہوتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ ذرائع کے مطابق پولیس کی بکتربند گاڑی کو بھی نقصان پہنچا جبکہ چوکی کو آگ لگ گئی۔ 

پولیس نے چوکی پر راکٹ فائرنگ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ چوکی میں فائرنگ کے ساتھ ساتھ دھماکے بھی سنے گئے۔ پولیس کے مطابق چوکی میں موجود ایف سی اور پولیس اہلکاروں نے قریبی جھاڑیوں میں پناہ لی، جبکہ شدت پسند مسلسل فائرنگ کرتے رہے۔ فائرنگ شروع ہوتے ہی چوکی میں موجود اہلکاروں کا رابطہ پولیس سے منقطع ہوگیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق شدت پسند چوکی تک نہیں پہنچ سکے جبکہ بعض غیر مصدقہ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ شدت پسندوں نے چوکی خالی کرادی ہے۔ یاد رہے کہ اس چوکی کے قریب ایک سمال ڈیم بھی واقع ہے تاہم اس ڈیم کو نقصان پہنچنے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔


خبر کا کوڈ: 223648

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/223648/پشتخرہ-اور-متنی-میں-پولیس-چوکیوں-پر-شدت-پسندوں-کے-حملے-چوکی-نذر-آتش

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org