0
Saturday 22 Dec 2012 17:13

حکومت پولیو ٹیموں کے تحفظ کیلئے مؤثر اقدمات کرنے میں ناکام رہی ہے، سراج الحق

حکومت پولیو ٹیموں کے تحفظ کیلئے مؤثر اقدمات کرنے میں ناکام رہی ہے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات بروقت نہ کرواکر صوبائی حکومت آئین کی خلاف ورزی کی مرتکب ہوئی ہے۔ جماعت اسلامی برسر اقتدار آکر صوبے میں صنعتی اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیگی اور بالخصوص تعلیم یافتہ، بے روزگار اور غیر تعلیم یافتہ ہنر مند نوجوانوں کو بڑے پیمانے پر کاروبار کے لئے بلاسود قرضے دیگی۔ عنقریب صوبے بھر کا دورہ کرکے عوام کو اے این پی اور پیپلز پارٹی حکومت کے سیاہ کارناموں سے آگاہ کرونگا۔ صوبائی حکومت پولیو ٹیموں کے تحفظ کے لئے مؤثر اقدمات کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے المرکز اسلامی پشاور میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری شبیر احمد خان، صوبائی سیکرٹری اطلاعات اسرار اللہ خان ایڈووکیٹ اور دیگر رہنماء نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا تمام شعبہ ہائے زندگی میں تعمیری اور انقلابی تبدیلیوں کے لئے عنقریب مختلف شعبہ ہائے زندگی کے ماہرین کے ورکنگ گروپ قائم کریگی۔ جو ہر شعبے کے لئے پالیسیاں تیار کرینگے تاکہ مستقبل میں صوبے میں حکومت میں آنے کی صورت میں جماعت اسلامی کے وزاء کے لئے پالیسی گائیڈ لائن کا کام دے سکیں۔

جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر سراج الحق نے مزید کہا کہ اے این پی اور پی پی پی کی موجودہ مخلوط صوبائی حکومت نے قوم کے ساڑھے چار سال ضائع کردیئے ہیں۔ صوبائی حکومت بتائے کہ بجلی کے سو یونٹ معاف کرنے، امن قائم کرنے، بجلی کا سوئچ لاہور سے پشاور لانے، تعلیم اور روزگار کی فراہمی اور پشاور کے عوام کو ورسک ڈیم سے پینے کا صاف پانی مہیا کرنے کے وعدوں کا کیا بنا؟ اُنہوں نے کہا کہ دراصل اے این پی حکومت کا ساڑھے چار سالہ دور حکومت کرپشن میں بے پناہ اضافے، میرٹ کی خلاف ورزی اور رشوت اور اقرباء پروری سے عبارت ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کے دور میں اغواء برائے تاوان سب سے منافع بخش کاروبار بن گیا ہے۔ بجلی لوڈشیڈنگ میں ایک مرتبہ پھر بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے۔ پھولوں کا شہر پشاور گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اے این پی حکومت کے سیاہ کارناموں میں پیپلز پارٹی برابر کی شریک ہے۔ اور انشاء اللہ تعالیٰ آئندہ انتخابات میں دونوں پارٹیوں کو عبرتناک شکست ہوگی اور آئندہ حکومت جماعت اسلامی بنائیگی۔
خبر کا کوڈ : 223778
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش