QR CodeQR Code

اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو:

عربوں کو بیت المقدس پر حکومت کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے

22 Mar 2010 11:40

اسلام ٹائمز: اسرائیلی وزیراعظم نے اپنے امریکی دورے سے قبل اعلان کیا کہ تل ابیب ہر گز عربوں کو بیت المقدس پر حکومت کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔


اسلام ٹائمز – فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے اپنے امریکی دورے کے قریب بیت المقدس سے متعلق اسرائیلی پالیسی کے بارے میں کہا: "بیت المقدس میں یہودی بستیاں تعمیر کرنے کی اسرائیلی پالیسی تل ابیب جیسی ہے اور کوئی فرق نہیں رکھتی"۔ نیتن یاہو نے کہا: "بیت المقدس میں اسرائیلی پالیسی وہی 42 سال پرانی ہے اور امریکا کو چاہئے کہ وہ بیت المقدس کے تمام حصوں پر اسرائیلی حاکمیت کو تسلیم کرے"۔
اسی طرح بنجمن نیتین یاہو نے امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کو ایک خط میں لکھا: "ہم عربوں کو ہر گز یہ اجازت نہیں دے سکتے کہ وہ بیت المقدس پر حکومت کریں اور نہ ہی یہ اجازت دے سکتے ہیں کہ عرب مہاجرین فلسطین واپس لوٹ آئیں جبکہ وہ فلسطین کو اپنی آبائی سرزمین ہونے کا دعوی کرتے ہیں"۔
اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے اعلان کیا ہے کہ امریکی صدر براک اوباما نے بنجمن نیتن یاہو کو منگل کے روز امریکہ آنے کی دعوت دی ہے۔ اسی طرح نیتن یاہو امریکا میں منعقد ہونے والے آیپک (AIPAC) کے اجلاس میں بھی شرکت کرے گا جس میں امریکی وزیر خارجہ اور اسرائیلی وزیراعظم تقریر بھی کریں گے۔
واشنگٹن اور تل ابیب کے درمیان تعلقات میں کشیدگی اس وقت پیدا ہوئی جب امریکی نائب صدر جو بائیڈن کے اسرائیل کے دورے کے موقع پر اسرائیل نے مشرقی بیت المقدس میں مزید 1600 نئی یہودی بستیاں تعمیر کرنے کا اعلان کر دیا۔ اس اعلان پر امریکی حکام اور بین الاقوامی برادری کی طرف سے تنقید آمیز ردعمل سامنے آیا اور امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو سے مطالبہ کیا کہ امن مذاکرات کی خاطر نئی یہودی بستیوں کی تعمیر روک دی جائے۔


خبر کا کوڈ: 22382

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/22382/عربوں-کو-بیت-المقدس-پر-حکومت-کی-ہر-گز-اجازت-نہیں-دیں-گے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org