QR CodeQR Code

پاک بھارت کشمیری قیادت کو تیسرا فریق بنانے میں ناکام رہے ہیں، حریت کانفرنس

22 Dec 2012 23:55

اسلام ٹائمز: میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ پاکستان میں اقتدار اور حکومت سے باہر مسئلہ کشمیر تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے مرکزی ایجنڈے پر تو ہے۔ لیکن ابھی تک یہ تنازع متفقہ حل کی طرف نہیں آسکا۔


اسلام ٹائمز۔ آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چئیرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت دونوں حکومتیں کشمیر کے مسئلے کے حل میں کشمیری قیادت کو تیسرا فریق بنانے میں ناکام رہی ہیں۔ اپنا دورہ پاکستان مکمل کرنے کے بعد لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں کشمیری رہنماوں میر واعظ عمر فاروق، مولانا عباس انصاری، آغا الحسن موسوی، عبدالغنی بھٹ اور بلال لون نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں اپنے تاثرات بین کئے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ وہ مسلہ کشمیر کا عملی حل چاہتے ہیں، جس میں کشمیری قیادت تیسرے فریق کے طور پر شامل ہو۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقتدار اور حکومت سے باہر مسئلہ کشمیر تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے مرکزی ایجنڈے پر تو ہے۔ لیکن ابھی تک یہ تنازع متفقہ حل کی طرف نہیں آسکا۔ کشمیری رہنما نے اسلامی دنیا، مغرب اور امریکہ کو دوہرا معیار ختم کر کے مسلہ کشمیر کے حل کا مطالبہ کیا۔

میر واعظ عمر فاروق کا کہنا تھا کہ خطے میں افغانستان سمیت امن کا دارومدار مسئلہ کشمیر کے حل سے جڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان اچھے تعلقات میں بنیادی رکاوٹ مسلہ کشمیر ہے، جو طاقت سے نہیں بلکہ انصاف اور انسانی بنیادوں پر حل ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک جوہری طاقت کے حامل ہیں اور کشمیر پر کئی جنگیں لڑ چکے ہیں۔ ان دونوں کے پاس مسلہ کشمیر حل کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے۔ عبد الغنی بھٹ کا کہنا تھا کہ اگر ہندوستان پاکستان کے خلاف پانی کو استعمال کرتا ہے تو یہ اقدام جنگ ہو گا۔


خبر کا کوڈ: 223883

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/223883/پاک-بھارت-کشمیری-قیادت-کو-تیسرا-فریق-بنانے-میں-ناکام-رہے-ہیں-حریت-کانفرنس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org