QR CodeQR Code

وزیراعظم اگر کوئی سہولت نہیں دے سکتے تو قوم سے مذاق نہ کریں، قاری عثمان

23 Dec 2012 14:48

اسلام ٹائمز: جماعتی رہنماؤں اور علماء سے گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کراچی کے امیر نے کہا کہ اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ موجودہ حکومت کے پانچ سالہ دور اقتدار میں عوام کو محرومیوں کے سواء کچھ حاصل نہیں ہوا۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام کراچی کے امیر قاری محمد عثمان نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی سے نہ تو عوام کی ہمدردیاں حاصل کی جاسکتی ہیں اور نہ ہی مہنگائی کے جن کو قابو کرنا ممکن ہے، مہنگائی کے خاتمے کے لیے حکمرانوں کو سادہ طرز زندگی اپنانے اور انقلابی اقدامات کرنے ہوں گے، اشیائے ضرورت عوام کی قوت خرید سے باہر ہیں، وزیراعظم اگر قوم کو سہولت نہیں دے سکتے تو قوم سے مذاق نہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علمائے اسلام کیماڑی ٹاؤن کے رہنما مولانا عبدالرشید ارشد کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کے بعد مدرسہ شاہ اسماعیل شہید میں جماعتی رہنماؤں اور علماء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر مولانا سید حماد اللہ شاہ، قاضی فخر الحسن، مولانا عمر صادق، قاضی امین الحق آزاد، مولانا شمس الرحمان، مولانا شمس الدین اور دیگر بھی موجود تھے۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ انتخابات میں غریب عوام نے برسر اقتدار جماعت کو نجات دہندہ سمجھتے ہوئے کامیاب کیا اور اب جب کہ حکومت اپنی آئینی مدت مکمل کرنے والی ہے لیکن اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ موجودہ حکومت کے پانچ سالہ دور اقتدار میں عوام کو محرومیوں کے سواء کچھ حاصل نہیں ہوا۔


خبر کا کوڈ: 224059

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/224059/وزیراعظم-اگر-کوئی-سہولت-نہیں-دے-سکتے-قوم-سے-مذاق-نہ-کریں-قاری-عثمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org