QR CodeQR Code

ایم ایم اے جس کے ساتھ اتحاد کرے گی ہم بھی اُسی کا ساتھ دینگے، علامہ ساجد نقوی

24 Dec 2012 01:20

اسلام ٹائمز: ایس یو سی کے سربراہ نے ملتان میں جے ایس او کی مرکزی کابینہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی ترجیحات میں تعلیم کا حصول، کردار سازی اور ذمہ داری کی اہمیت ہونی چاہیے۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ مجلس عمل کو مکمل طور پر بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں، اور اُمید ہے کہ بہت جلد ہم اس میں کامیاب ہو جائیں گے، گذشتہ دنوں قومی اسمبلی میں فیئر ٹرائل بل پاس کیا گیا ہے جس کی ابھی تک کسی سیاستدان نے مخالفت نہیں کی، میں وہ واحد شخص ہوں جس نے اس کی مذمت کی ہے اور بہت جلد آپ دیکھیں گے کہ دیگر سیاستدان بھی اس کی مخالفت کرنا شروع کر دیں، جب اُنہیں اس کی سمجھ آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ و متحدہ مجلس عمل کے مرکزی رہنما علامہ سید ساجد علی نقوی نے ملتان میں جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی مرکزی کابینہ کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ آپ نوجوانوں کو اپنی ترجیحات کی طرف متوجہ ہونا چاہیے۔ آپ کی ترجیحات میں سب سے پہلے اپنی تعلیم کا حصول ہونا چاہیے، کیونکہ ایک اچھا طالبعلم ہی اچھا تنظیمی ثابت ہوسکتا ہے، تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ آپ نوجوانوں کو کردار سازی کی طرف بھی توجہ دینی چاہیے جو کہ انسان کے مرتے دم تک کے لیے ضروری ہے۔ 

علامہ ساجد علی نقوی نے مزید کہا کہ آئندہ الیکشن میں ہماری کوشش ہے کہ متحدہ مجلس عمل کو بحال اور مضبوط کیا جائے۔ جس پارٹی یا جماعت کے ساتھ ایم ایم اے اتحاد کرے گی، ہم بھی اُسی کے ساتھ کریں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ مجھے ملت تشیع کو مسلمان ثابت کرنے کے لیے کسی مولوی کے فتوے کی ضرورت نہیں ہے۔ الحمداللہ مجھے اتنا عبور حاصل ہے کہ میں خود قرآن و حدیث سے فتوے کو اخذ کرسکتا ہوں۔ اُنہوں نے حالیہ دہشت گردی کے حوالے سے کہا کہ تشویشناک امر یہ ہے کہ جن دہشت گردوں کو عدالتیں سزائیں سنا چکی ہے اور جن کی اپیلیں تک مسترد ہوچکی ہیں، ان کو سزائیں نہیں دی جا رہیں۔


خبر کا کوڈ: 224274

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/224274/ایم-اے-جس-کے-ساتھ-اتحاد-کرے-گی-ہم-بھی-ا-سی-کا-دینگے-علامہ-ساجد-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org